دوباک اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے چیف منسٹر نے سمندر کے مماثل ترقیاتی کام کیے

   

بی جے پی کی مدد چڑی کی چونچ میں پانی کے برابر ، گلوبل تشہیر نوبل انعام کی حقدار : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ دوباک میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کامیاب ہوگئی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی دوسرے مقام کے لیے مقابلہ کررہی ہے ۔ بی جے پی کے قائدین و کارکنوں کو ٹی آر ایس میں شامل کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ دوباک میں ٹی آر ایس کا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہی عوام اتفاق رائے سے ٹی آر ایس کی امیدوار ایس سجاتا کو ذہنی طور پر اپنی رکن اسمبلی تسلیم کرچکے ہیں ۔ رائے دہی صرف انتخابی ضابطہ کی کارروائی ہے ۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کی سوشیل میڈیا مہم کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی دوباک کی ترقی کے لیے چیف منسٹر نے سمندر کے مماثل ترقیاتی ، تعمیری ، فلاحی کام انجام دئیے ۔ چڑی کے چونچ میں جو پانی آتا ہے اتنی مدد کرتے ہوئے بی جے پی سوشیل میڈیا پر اس کی گلوبل تشہیر کررہی ہے ۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی دوباک پہونچنے پر ان کے مائیک ناکام ہوگئے ۔ پرائے قائدین اور کرائے کے کارکنوں کے ساتھ کانگریس پارٹی انتخابی مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور کے سی آر نہ ہوتے تو اتم کمار ریڈی کبھی جئے تلنگانہ کا نعرہ نہیں لگاتے تھے ۔ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا ہے ۔ دھوکہ دہی کانگریس کی فرقہ پرستی بی جے پی کی پالیسی ہے ۔ قربانیوں کے ساتھ حاصل کئے گئے تلنگانہ کو سنہرے ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر دن رات کام کررہے ہیں ۔ وہی کانگریس اور بی جے پی صرف اور صرف سیاسی مفاد پرستی کے لیے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ عوام ترقی چاہتے ہیں ۔ اس لیے ٹی آر ایس کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ سوشیل میڈیا پر بی جے پی کی گلوبل تشہیر کو نوبل انعام دیا جانا چاہئے ۔۔