ضمنی انتخابات کے بعد کانگریس اور بی جے پی کے قائدین کبھی مقامی عوام کو دستیاب نہیں ہوں گے
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ دوباک کی ترقی کی ذمہ داری وہ قبول کرتے ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی کے قائدین صرف ووٹوں کے لیے دوباک کا دورہ کررہے ہیں۔ جب کہ وہ ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گے ۔ اریہ ویشیا طبقہ کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اسمبلی حلقہ دوباک کو ترقی دینے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ وہ چیف منسٹر کے سی آر کے آشیرواد سے اسمبلی حلقہ دوباک کو ترقی دیتے ہوئے ایک مثالی حلقہ کے طور پر ترقی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی کے قائدین دوباک کی گلیوں میں نظر آرہے ہیں ۔ انتخابات ختم ہوجانے کے بعد وہ دوباک کے عوام کو کبھی دستیاب نہیں ہوں گے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی جب کانگریس کے دور حکومت میں وزیر تھے انہوں نے کبھی دوباک کا دورہ نہیں کیا ۔ ساتھ ہی حضور نگر کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے پر حضور نگر کی کوئی ترقی نہ ہونے کا اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا تھا ۔ لیکن ٹی آر ایس کی کامیابی کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ کی ترقی پر 300 کروڑ روپئے سے ترقیاتی کام انجام دئیے ہیں ۔ دوباک میں ٹی آر ایس کی کامیابی پر اس طرح کی ترقی ہوگی اس کی ذمہ داری وہ قبول کرتے ہیں ۔ اس پر عوام کو شک و شبہات میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کی امیدوار ایس سجاتا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ وہ بحیثیت ضلع وزیر دوباک کو ترقی دینے میں اہم رول ادا کریں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے تعاون سے اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کو ترقی دینے کے لیے 200 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی قائدین پر بھروسہ نہ کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔۔