ہریش راؤ نے ارتھی کو کندھا دیا اور خاندان کو فوری دو لاکھ روپئے کی امداد
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کامیابی اور شکست کو سیاست کا حصہ قرار دیتے ہوئے حوصلہ رکھنے کا پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ۔انہوں نے خودکشی نہ کرنے کا کارکنوں کو مشورہ دیا۔دوباک ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار ایس سجاتا کی شکست پر دلبرداشتہ ہوکر دولت آباد منڈل کے ٹی آر ایس کارکن کے سوامی نے کل رات خودکشی کرلی۔اطلاع ملتے ہی ہریش راؤ نے خودکشی کرنے والے پارٹی کارکن کے گھر پہنچ کر اس کی بیوہ اور ارکان خاندان کو پرسہ دیا، ارتھی کو کندھا دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہار جیت انتخابی سیاست کا حصہ ہے۔ شکست پر پارٹی کارکنوں کو انتہائی اقدام کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمت و حوصلہ سے آگے بڑھنا چاہیئے۔ خودکشی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ سارے کارکن ہمت و حوصلہ رکھیں۔ ٹی آر ایس پارٹی تمام کارکنوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے سوامی کے خاندان کی پارٹی کی جانب سے ہر ممکنہ مدد کرنے کا تیقن دیا۔ آج فوری دو لاکھ روپئے کی مدد کی اور کہا کہ مستقبل میں بھی سوامی کے ارکان خاندان کے ساتھ پارٹی کھڑے رہے گی۔یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ دوباک کے ضمنی چناؤ میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کو بی جے پی کے مقابل شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے پارٹی حلقوں میں مایوسی دیکھی جارہی ہے۔