چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات، فہرست رائے دہندگان کانگریس کو فراہم نہیں کی گئی
حیدرآباد: کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے ایک وفد نے آج چیف الیکٹورل آفیسر سشانگ گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے دوباک میں پوسٹل بیالٹ کے نام پر ٹی آر ایس کی جانب سے انتخابی دھاندلیوں کی شکایت کی ۔ کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی اور کنوینر جی نرنجن نے یادداشت میں بتایا کہ معذور اور 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کی سہولت فراہم کی گئی ۔ ایسے رائے دہندوں کی فہرست کی تیاری سے کانگریس پارٹی کو لاعلم رکھا گیا ۔ ٹی آر ایس نے لسٹ کے مطابق رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کے لئے مجبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق پوسٹل بیالٹ رائے دہندوں کی فہرست تمام امیدواروں کو پیش کی جانی چاہئے لیکن عہدیداروں نے فہرست پیش نہیں کی ۔ کئی مواضعات میں ٹی آر ایس کے سرپنچ ووٹر لسٹ کے ساتھ رائے دہندوں کو مکانات پر دیکھے گئے۔ کانگریس نے 7 اکتوبر کو پوسٹل بیالٹ کی فہرست کیلئے درخواست دی تھی لیکن عہدیداروں نے فہرست فراہم کرنے سے گریز کیا۔ پارٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر سے مطالبہ کیا کہ وہ پوسٹل بیالٹ رائے دہی کو منسوخ کرتے ہوئے از سر نو رائے دہی کی ہدایت دیں اور تمام امیدواروں کو فہرست فراہم کی جائیں۔