وزیر فینانس ہریش راو کی ہدایت ۔ جولائی میں چیف منسٹر حوالے کرینگے
حیدرآباد۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راو نے آج ہدایت دی کہ دوباک حلقہ اسمبلی میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر شیڈول کے مطابق مکمل کرلی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ماہ جولائی میں یہ مکانات غریبوں کے حوالے کرینگے ۔ انہوں نے سدی پیٹ کلکٹر آفس میں عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ ٹی آر ایس ایم پی کے پربھاکر ریڈی ‘ رکن اسمبلی رگھونندن راو ‘ کلکٹر وینکٹ رام ریڈی اور عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم ہاوزنگ کالونیوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 3 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ ہریش راو نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مکانات کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کریں کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو 10 جولائی سے قبل ان مکانات کی حوالگی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینیج لائین ‘ سڑکوں کی تعمیر اور برقی سربراہی و سربراہی آب کیلئے فنڈز دستیاب ہیں۔ چیف منسٹر ان تمام کاموں کی تکمیل کے بعد ان مکانات کی حوالگی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی سہولت فراہم کرنے حکومت درکار فنڈز فراہم کر رہی ہے تاکہ غریب عوام بھی عزت والی زندگی گذار سکیں۔ انہوں نے ہاوزنگ ‘ آبپاشی پراجیکٹس اور کالیشورم پراجیکٹ و کنالس کے کاموں کے تعلق سے بھی حکام سے معلومات حاصل کیں ۔