ہنمنت راؤ اور سابق وزیر چندر شیکھرکامختلف مواضعات کا دورہ، کانگریس کی کامیابی کا یقین
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق ریاستی وزیر ایس چندر شیکھر اور کانگریس کے دیگر قائدین نے آج دوباک منڈل کے مختلف مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس امیدوار سرینواس ریڈی کے حق میں انتخابی مہم چلائی۔ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں ہنمنت راؤ کو دوباک منڈل کا انچارج مقرر کیا گیا ہے اور وہ گذشتہ ایک ہفتہ سے انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر ایس چندر شیکھر کے ہمراہ آج رامکا پیٹ، لچنا پیٹ اور دیگر مواضعات میں پدیاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے شخصی طور پر ربط قائم کیا۔ ہنمنت راؤ نے تاجروں اور کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی تائید کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت گذشتہ چھ برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں ٹی آر ایس ناکام ثابت ہوئی اور مرکزی حکومت کے مخالف کسان قوانین کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قوانین پر تلنگانہ میں نفاذ کو روکنے میں ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔ انہوں نے پسماندہ اور دلت طبقات پر مظالم میں اضافہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ خواتین پر مظالم کے واقعات کی روک تھام میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ حالیہ دنوں میں دلت اور اقلیتی طبقہ کی کمسن لڑکیوں کے ساتھ عصمت ریزی اور قتل کے واقعات پیش آئے لیکن حکومت نے خاطیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی برخلاف اس کے خاطیوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ عوام کیلئے یہ بہتر موقع ہے کہ وہ کے سی آر حکومت کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں رائے دہندے کانگریس کی کامیابی کے ساتھ ایک نئی تاریخ رقم کرسکتے ہیں جو ریاست کے ہر فرد کی بھلائی پر مبنی ہوگی۔ ہنمنت راؤ نے انتخابی مہم میں عوام کے جوش و خروش پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس دوباک میں کامیابی حاصل کرے گی۔