دوباک میں 100 بستر والے دواخانہ اور مسلم کمیونٹی ہال کا افتتاح

   

Ferty9 Clinic

مزید 2 بستی ہاسپٹلس قائم کرنے کا وعدہ، اومی کرون سے محفوظ رہنے احتیاط ضروری، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب

دوباک۔دوباک منڈل میں آج مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد و افتتاح وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کیا۔ سب سے پہلے دوباک منڈل تما پور میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپیوں کی لاگت سے تعمیر شدہ 30 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا اور کئی سال سے پینڈنگ روڈ دھرما رم سے بلونتا پور کو جانے والی بی ٹی روڈ کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ دوباک میونسپلٹی حبشی پور کے قریب 10 لاکھ روپیوں سے تعمیر کئے جانے والے فوٹو گرافی بھون کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں دوباک میں تعمیر شدہ 100 بسترکے ہاسپٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی دوباک کے رکن اسمبلی رگھونندن راؤ اور میدک ایم پی کوٹا پربھاکر ریڈی نے وزیر ہریش راؤ کے سامنے چند گزارشات پیش کئے۔ حلقہ اسمبلی دوباک کو سدی پیٹ، گجویل اور سرسلہ کی طرز پر ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔ جس پر وزیر صحت ہریش راؤ نے حلقہ اسمبلی دوباک کو بھی ہر طرح سے ترقی دینے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی کوٹا پربھاکر ریڈی اور ایم ایل اے رگھونندن راؤ کے مطالبات کے مطابق 100 بستروں کے ہاسپٹل میں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عنقریب مکمل طور پر ڈاکٹرس اور اسٹاف کے تقررات کرنے کا حکم دیا۔ مزید انہوں نے 100 بستروں کے ہاسپٹل میں ایک ڈائلاسیس سنٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ متوفی رام لنگا ریڈی جو سابق رکن اسمبلی تھے ان ہی کی محنتوں اور کوششوں سے آج 100 بستروں کے ہاسپٹل کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی رام لنگاریڈی کی خدمات کی ستائش کی۔ وزیر ہریش راؤ نے اس موقع پر اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید بھرے انداز میں کہا کہ 70 سال حکومت کرنے والی تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی اتنی ترقی نہیں کئے جتنی ترقی تشکیل تلنگانہ کے بعد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی دوباک میں 100 بستروں کے ہاسپٹل کا افتتاح کرنا میری خوش قسمتی ہے اس لئے کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے بچپن میں دوباک میں ہی تعلیم کی ہے۔100 بستروں کے اس ہاسپٹل میں عنقریب مکمل طور پر ڈاکٹرس اور اسٹاف کے ساتھ ساتھ دوباک میں 2 بستی دواخانے تعمیر کرانے کا وعدہ کیا اور مارچری کیلئے 2 فریجر اور ایمرجنسی بلڈ بینک اور ایک 10 بستر پر مشتمل آئی سی یو وارڈ منظور کئے اور ہاسپٹل کے اطراف کمپاونڈ وال منظور کی۔ بعد ازاں عوام کو اس بات کی تلقین کی کہ کورونا اور اومی کرون سے بچنے کیلئے حکومت ہر طرح کے انتظامات کررہی ہے۔ عوام کو بھی چاہیئے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ماسک کا استعمال ضرور کریں، سماجی دوری اختیار کریں۔ بعد ازاں ہریش راؤ نے دوباک میونسپلٹی لچھا پیٹ میں 30 لاکھ روپیوں سے تعمیر شدہ مسلم میناریٹی کمیونٹی ہال کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں ایم ایل سی فاروق حسین، ونٹیرو پرتاپ ریڈی، ایم ایل سی یادو ریڈی، میونسپل چیرپرسن ونیتا بھوم ریڈی، ضلع پریشد چیرپرسن روجا شرما، زیڈ پی ٹی سی رویندر ریڈی، ایم پی پی کوٹا پشپا لتا، تمام کونسلرس، سرپنچس، جامع مسجد کمیٹی صدر محمد سلیم، محمد الطاف، محمد علیم الدین شرفی، محمد بابا، محمد شادل، محمد اسمعیل، محمد پاشاہ، محمد صادق علی، محمد انور موجود تھے۔