دوباک کے اقلیتی رائے دہندوں سے کانگریس قائدین کی ملاقات

   

حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام، شیخ عبداللہ سہیل کا الزام
حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے پارٹی قائدین کے ہمراہ دوباک کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم میں حصہ لیا اور اقلیتی طبقہ کے رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ مخالف اقلیت ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھانے کیلئے کانگریس امیدوار کی تائید کریں۔ عبداللہ سہیل نے لچا پیٹ میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ربط قائم کیا اور حکومت کی ناکامیوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کو نقصان پہنچانے کے معاملہ میں تاریخ میں درج کی جائیگی ۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ کے سی آر نے دھوکہ کیا ہے ۔ روزگار اور تعلیم میں 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا گیا اور وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس کی فراہمی کے وعدے محض کاغذی ثابت ہوئے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں دو مساجد اور ایک مندر کو منہدم کردیا گیا لیکن آج تک دوبارہ تعمیر کا آغاز نہیں ہوا جبکہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود پر 2000 کروڑ خرچ کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن جاریہ سال 500 کروڑ بھی خرچ نہیں کئے گئے ۔