دوباک کے ضمنی چناؤ میں خاتون رائے دہندے فیصلہ کن موقف میں

   

تمام جماعتوں کی خواتین میں انتخابی مہم ، حلقہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون نمائندگی
حیدرآباد: دوباک کے ضمنی انتخابات میں اہم سیاسی جماعتوں میں خاتون رائے دہندوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حلقہ میں خاتون رائے دہندے فیصلہ کن موقف کے حامل ہیں۔ ٹی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے خواتین کی ریالیوں کا اہتمام کیا گیا اور سیلف ہیلپ گروپس ارکان میں انتخابی مہم پر توجہ دی گئی ہے۔ خواتین کے علاوہ بیڑی ورکرس میں انتخابی مہم چلائی جارہی ہے ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ جو ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں، حال ہی میں خواتین کی ریالی سے خطاب کیا۔ کانگریس اور بی جے پی نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں مہیلا قائدین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ حلقہ میں مرد رائے دہندوں سے زیادہ خواتین کی تعداد ہے ۔ دوباک کے جملہ رائے دہندے ایک لاکھ 98 ہزار 807 ہیں جن میں سے ایک لاکھ 779 خواتین اور 98026 مرد رائے دہندے ہیں۔ دوباک کے تمام منڈلوں میں خاتون رائے دہندوں کی تعداد زیادہ ہے۔ دوباک منڈل میں 55208 رائے دہندے ہیں جن میں سے 27983 خواتین اور 27725 مرد ہیں۔ ٹی آر ایس کے لئے سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی اور سابق وزیر سنیتا لکشما ریڈی انتخابی مہم میں پیش پیش ہیں۔ ٹی آر ایس امیدوار ایس سجاتا کے حق میں ہمدردی کی لہر دیکھی جارہی ہے جن کے شوہر رام لنگا ریڈی کے دیہانت کے سبب ضمنی چناؤ ہورہا ہے۔ دوباک میں جملہ 23 امیدوار میدان میں ہیں ، جن میں سے صرف دو خواتین ہیں۔ اس حلقہ کی نمائندگی خواتین کے حق میں کبھی نہیں رہی۔ ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں سجاتا دوباک سے پہلی خاتون عوامی نمائندہ ہوں گی۔ 1957 ء میں پہلی مرتبہ دوباک میں انتخابات ہوئے تھے۔ اب تک جملہ 14 انتخابات میں کانگریس ، ٹی آر ایس اور تلگو دیشم کو چار چار مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ بی جے پی امیدوار رگھونندن راؤ کے حق میں بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ بی جے پی نے کئی مہیلا قائدین کو انتخابی مہم کیلئے میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس کی واحد خاتون رکن اسمبلی انوسویا عرف سیتکا مختلف منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے خواتین سے ملاقات کر رہی ہیں۔ تینوں پارٹیوں کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپ کے ارکان کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے حلقہ کی ترقی اور بالخصوص خواتین کی بھلائی کیلئے کئی وعدے کئے جارہے ہیں۔ حلقہ کی دوسری خاتون امیدوار ٹی وی اینکر کے کارتیکا ہیں جو آل انڈیا فارورڈ بلاک امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں۔