دوحہ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے قطر کے دوحہ ائیر پورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ قطر ائیر ویز کی خصوصی پرواز 50 پاکستانی مسافروں کو لے کر رات آٹھ بجے اسلام آباد ایئر پورٹ پر پہنچے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بتایا کہ قطر میں پاکستانی سفارت خانہ ایئر پورٹ پر موجود پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالے سے اقدامات کرنے میں مصروف تھا۔ بالآخر ان کی واپسی کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 52 پاکستانی اس وقت بھی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔ ان کی واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن سے رابطہ کر لیا گیا ہے ان کی طرف سے تھائی ایئرویز کی پرواز کو اجازت دینے کے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ ملائیشیا کے کوالالمپور ائیرپورٹ پر موجود 54 پاکستانی شہریوں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے اور سفارت خانے کا عملہ ان کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اٹلی کے مختلف ایئر پورٹس پر موجود 150 پاکستانیوں کو سفارت خانے کے لاک ڈاون کے باوجود ٹرانسپورٹ کا انتظام کر کے ان کے گھروں میں واپس پہنچایا ہے۔ ان مسافروں کو قطر ایئرویز نے پاکستان کی شرط کے مطابق کورونا ٹیسٹ رپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے جہاز پر بٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔