حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) عالمی سطح کا یہ پہلا موقع تھا جہاں حیدرآباد کے سپوتوں نے نشانہ بازی میں شاندار مظاہرہ کیا ۔ شہر کے نشانہ باز عابد علی خاں نے 14 ویں ایشین چمپین شپ میں برونز میڈل حاصل کیا تھا اس کے بعد شہر کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی کامیابی کے پرچم لہراتے ہوئے گولڈ میڈلس حاصل کئے۔ تلنگانہ کے سریکانت دھنش نے 10 ایم ایم ایر رائفل مین جونیر مقابلہ میں 3 گولڈ میڈلس جیتے ہیں۔ دوحہ قطر میں منعقدہ ان مقابلوں میں 17 سالہ سالہ دھنش جنہوں نے صرف گذشتہ سال ہی نشانہ بازی میں سنسنی پیدا کردی تھی ، مشترکہ ٹیم، انفرادی اور ٹیم پر مبنی کھیل میںگولڈ میڈل جیتا ہے۔ وہ ایشا سنگھ کے بعد ریاست سے تعلق رکھنے والے دوسرے نشانہ باز ہیں۔ ایشا سنگھ نے جونیر ویمن ایر پستول مقابلہ میں 3 گولڈ میڈلس جیتے تھے۔ دھنش نے اپنے گولڈ میڈل حاصل کرنے کی جدوجہد کو شیریااگروال کے ساتھ شروع کیا تھا اور انہوں نے چین کی جوڑی کو شکست دے دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دھنش کو چھوٹی عمر سے ہی نشانہ بازی کا شوق تھا ان کے والد سریکانت بحرین میں کام کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ دھنش بچپن سے ہی کھلونے کی گنوں سے کھیلتے ہوئے اپنے ہدف کو شاندار نشانہ لگاتے تھے۔ بلیک کراٹے بیلٹ حاصل کرنے والے دھنش نے نشانہ بازی میں زیادہ دلچسپی دکھاتے ہوئے اپنا مقام بنایا ہے۔