دودھ تو ڈبے کا ہے، تعلیم ہے سرکار کی

   

Ferty9 Clinic

محمد مصطفی علی سروری

’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے گیارہویں سیزن کا آغاز 19 اگست 2019ء کو سونی چیانل پر ہوا۔ اس ٹیلی ویژن گیم شو کی میزبانی مشہوراداکار امیتابھ بچن کرتے آرہے ہیں۔ آج کے کالم میں ہم ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کی گیارہویں قسط کے حوالے سے بات کرنے جارہے ہیں۔ جو 2؍ ستمبر 2019ء کو رات 9 بجے سے 10:30 بجے تک نشر کی گئی۔ اس پروگرام میں اندورمدھیہ پردیش کے مسلم نوجوان عاصم چودھری بھی شریک تھے۔ عاصم چودھری اندور کے ایک بینک میں برانچ سیلزمینیجر ہیں ،ان کے ساتھ 9 دوسرے لوگ بھی موجودتھے۔ ان 10 لوگوں کو سب سے پہلے یہ سوال پوچھا گیا کہ’’ رامن میگاسیسے‘‘ ایوارڈ جن ہندوستانیوں کو ملا ہے ان کو صحیح ترتیب میں لگایئے اور سب سے پہلے جن کو یہ ایورڈ ملا ہے ان کا نام سب سے پہلے آناچاہیے۔ اس پہلے سوال کا درست جواب چار لوگوں نے دیا لیکن ان سب میں بھی عاصم چودھری اول نمبر پر آئے کیونکہ انہوں نے سب سے پہلے اور سب سے کم وقت میں درست جواب دیا۔یوں ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے گیارہویں ایپی سوڈ میں سب سے پہلے گیم کھیلنے کا موقع اندور کے عاصم چودھری کو ملا اور وہ امیتابھ بچن کے روبرو والی سیٹ پر بیٹھ گئے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اس پروگرام میں حصہ لینے کے لیے وہ کس کے ساتھ شو میں آئے ہیں تو انہوں نے سب سے پہلے اپنی بیوی کا تعارف کروایا اور بتلایا کہ رُچی چودھری ان کی بیوی ہے، نکہت چودھری ان کی ماں ہے اور سسر جن کا نام سدھیر دوبے ہے وہ بھی ان کے ساتھ اسٹوڈیو میں موجود ہیں۔

قارئین آیئے اس پروگرام کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کرتے ہیں جو انٹرنیٹ پر آج بھی www.sonyliv.com کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں۔ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ ایک ایسا گیم شو ہے، جہاں پرحصہ لینے والے لوگ درست جوابات دے کر انعام کی رقم جیت سکتے ہیں۔ پہلے سوال کی انعامی رقم 1,000 روپئے ہے تو پندرہویں سوال کی انعامی رقم ایک کروڑ روپئے مقرر ہے۔ اب ذرا غور سے عاصم چودھری سے پوچھے گئے سوالات اور ان کے جوابات کا تجزیہ کرتے ہیں۔
عاصم سے پہلا سوال یہ تھا کہ فلم ’بھارت‘ کے ایک گانے کے بول کو پورا بتلائیں؟ عاصم نے اپنا پہلا جواب درست دیا اور ان سے جب امیتابھ بچن نے پوچھا کہ کیا آپ نے گانا سنا ہے تو عاصم نے جواب دیا کہ سَر میں نے نہ صرف گانا سنا ہے بلکہ اپنی بیوی کے ساتھ اس گانے پر ڈانس بھی کیا ہے۔ امیتابھ بچن نے جب عاصم کی بیوی سے اس حوالے سے دریافت کیا تو رچی نے جواب دیا کہ سَر گھر میں نہ صرف عاصم ناچتے ہیں۔ بلکہ ہمارے ساتھ ہمارا بچہ بھی ڈانس کرتا ہے۔
عاصم چودھری سے دوسرا سوال تھا کہ جس خاتون کی آنکھیں ہرن کی طرح ہوں اس کو کیا کہتے ہیں تو عاصم نے اس سوال کا بھی درست جواب دیتے ہوئے بتلایا کہ صحیح جواب ’مرگنینی‘ ہے۔ دوسرے سوال کے صحیح جواب پر عاصم کو 2,000 روپئے ملے ۔ عاصم سے تیسرا سوال ایک میوزک (Clip) کلپ سناکر پوچھا گیا کہ یہ موسیقی کس فلم کی ہے۔ عالم نے فلم کا نام درست بتلایا۔ اگلے سوال میں عاصم سے پوچھا گیا کہ طب کی اصطلاح میں اسٹروک سے انسانی جسم کا کونسا حصہ متاثر ہوتا ہے۔ اس سوال پرانہوں نے ناظرین کی مدد طلب کی اور جواب دماغ دیا اور ان کا یہ جواب بھی درست تھا۔ عاصم سے پانچواں سوال یہ پوچھا گیا کہ اسلامی نقطۂ نظر سے ذیل میں سے کون پیغمبر نہیں تھے۔ (A) آدم علیہ السلام، (B) محمدﷺ ، (C) موسیٰ علیہ السلام ، (D) جبرئیل علیہ السلام۔ عاصم چودھری کو یہ سوال مشکل لگا۔ انہوں نے پروگرام میں دی گئی سہولت سے استفاد کرتے ہوئے اس سوال کو بدلنے کی درخواست کی۔ پروگرام کے میزبان امیتابھ بچن نے ان کی درخواست کو قبول کرلی مگر عاصم چودھری سے پوچھا کہ اگر اس سوال کا جواب اندازہ کی بنیاد پر دینا پڑا تو وہ کیا جواب دیں گے تو اندور کے اس مسلم نوجوان نے جواب دیا کہ وہ موسیٰ علیہ السلام کے جواب کو درست سمجھتے ہیں۔ تب امیتابھ بچن نے عاصم چودھری کو بتلایا کہ صحیح جواب جبرئیل علیہ السلام ہے۔

ایک گھنٹے 10 منٹ کا یہ پروگرام تو آگے بھی اس سوال کے بعد چلتا رہا مگر قارئین میری سونچ اور فکروہیں رک گئی۔ عاصم چودھری کے بارے میں پروگرام کے دوران ایک ویڈیو فلم بھی بتلائی گئی جس کے مطابق عاصم کی عمر 33 برس ہے۔ وہ ایم بی اے کرنے کے لیے ممبئی آتا ہے اور وہیں پر اس کی ملاقات رُچی نام کی ایک برہمن لڑکی سے ہوتی ہے۔ دونوں شادی کرلیتے ہیں اور مزید ویڈیو میں یہ بھی بتلایا گیا کہ ایک ہی گھر میں ایک طرف عاصم جائے نماز پر بیٹھا دعا کے لیے ہاتھ اٹھایا ہوا ہے تو دوسری طرف رُچی گھر میں بھگوان گنیش کی مورتی کے آگے کھڑی ہوکر گھنٹی بجاتے ہوئے پوجا کر رہی ہے اور وہیں پر پیچھے ایک پوسٹر لگا ہے جس پر ’’لوحِ قرآنی‘‘ لکھا ہوا ہے۔

قارئین جو مسلم نوجوان اسلامی نقطہ نظر سے پوچھے جانے والے سوال کا جواب صحیح نہیں دے پاتا ہے وہی عاصم چودھری پروگرام کے دوران پوچھے جانے والے ساتویں سوال کا جواب درست دیتے ہوئے کہتا ہے کہ وید ہی، جانکی، میتھلی کس دیو مالائی کردار کے دوسرے نام ہیں۔ وہ جانتا ہے کیونکہ اس نے ’’رامائن‘‘ اور ’’مہابھارت‘‘ تھوڑی تھوڑی پڑھی ہے۔
پروگرام میں 6 لاکھ 20,000 روپئے جیتنے کے بعد عاصم کی والدہ سے جب امیتابھ بچن نے بات کی تونکہت چودھری نے بتلایا کہ میرا بیٹا ہمارا چہیتا ہے ۔ یہ ہمارا خیال رکھتا ہے اور ہم اس کے بغیر نہیں رہ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عاصم کے والد کا ایک ہی ارمان تھا کہ میرا بیٹا امیتابھ جی کے سامنے بیٹھ جائے اور بہت آگے بڑھے کیونکہ اس کو بہت نالج ہے۔ اگر آپ کا آشیرواد رہے تو وہ اور ترقی کرے گا۔
2 ستمبر کے ’’کون بنے گا کروڑپتی‘‘ پروگرام میں اندور کے عاصم چودھری جملہ 12 سوالات کے درست جواب دیتے ہیں اور 12 لاکھ 50,000 روپئے انعامی رقم جیت کر جاتے ہیں۔
قارئین! عاصم چودھری تو انعام کی رقم لے کر گھر چلے گئے لیکن اپنے پیچھے بہت سارے سوالات چھوڑ گئے ہیں۔ ان سوالات کے جوابات ہم ہندوستانی مسلمانوں کو تلاش کرنے ہیں۔ہم اپنے بچوں کو گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی تک تعلیم دلوارہے ہیں اور اعلیٰ تعلیم کے لیے اپنے بچوں کو گھر سے، اپنی نظروں سے دور بھیج رہے ہیں لیکن ہمارے بچے اگر یہ نہیں جاتے کہ جبرئیل علیہ السلام پیغمبر نہیں بلکہ فرشتے ہیں تو ہمیں سوچنا ہوگا۔ ہمارے بچے یہ نہیں جانتے کہ موسیٰ علیہ السلام اللہ کے نبی ہیں تو ہمیں اپنے بچوں کے بارے میں فکر کرنی ہوگی۔ عاصم چودھری کے بارے میں اظہار خیال کرنے سے یا کسی کو برا بھلا بولنے سے نہ تو ہماری دینی معلومات میں اضافہ ہونے والا ہے اور نہ ہی ہمارے بچوں کا کچھ بھلا۔ ہمیں یہ بات سمجھ لینی ہوگی کہ بحیثیت مسلمان ہمیں سب سے پہلے اپنے بچوں کو تعلیمات اسلامی سے واقف کروانا بے حد ضروری ہے۔ تعلیمات اسلامی سے مراد صرف طغرے لگانا نہیں بلکہ قرآن کو سمجھ کر پڑھنا ہے۔ ڈاکٹر، انجینئر تو بعد میں بھی بنا جاسکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ مجھے اپنے بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت کرنے والا بنانے اور آپ کو بھی اس کام میں نصرت وکامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔
طفل میں بو آئے کیا مانباپ کے اطوار کی
دودھ تو ڈبے کا ہے، تعلیم ہے سرکار کی
(کالم نگار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت میں بحیثیت اسوسی ایٹ پروفیسر کارگذار ہیں)
[email protected]