دودھ پاؤڈر کے غلط استعمال پر پانچ اساتذہ معطل

   

جے پور، 26 اکتوبر (یو این آئی) پنا دھائے بال گوپال یوجنا کے تحت دودھ کے پاؤڈر کے غلط استعمال کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے راجستھان کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس معاملے میں ملوث پانچ اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں قصوروار پائے جانے والے افراد میں شیلا بلائی، سُریش کمار، منگل رام، پپا رام گودارا اور راجیش مینا شامل ہیں۔ ان سب کو سی سی اے (1958) کے ایکٹ 13(1) کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اسکول ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ، بیکانیر کے تحت سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ یہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی دودھ پاؤڈر کے غلط استعمال کی خبر میں مذکورہ حقائق کی تصدیق کرے گی، شواہد جمع کرے گی اور چار دنوں کے اندر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ اگر اس دوران کسی افسر یا استاد کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوتی ہے ، تو راجستھان سول سروسز ایکٹ (سی سی اے ) ، 1958 کے تحت تادیبی کارروائی بھی کی جائے گی۔