دودھ پلانے والی خواتین کیلئے مراعات میں کمی کی راجیہ سبھا میں گونج

   

نئی دہلی: پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے تحت حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو دی جانے والی مراعات کی رقم کو کم کرنے کا معاملہ آج راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کانگریس کی رکن سونیا گاندھی نے اٹھایا اور کہا کہ اس اسکیم کے تحت حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو چھ ہزار روپے دینے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب چھ کی بجائے پانچ ہزار روپے دیے جا رہے ہیں اور کہا کہ ابھی تک تقریباً 68 فیصد خواتین کو یہ رقم ملتی تھی لیکن اب یہ 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے 12 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ درکار ہے لیکن بجٹ میں اس کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ترنمول کانگریس کی ڈولا سین نے پردھان منتری مڈ ڈے میل میں خوردنی تیل کو 10 فیصد کم کرنے کی حکومت کی ایڈوائزری کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ یہ مشورہ بچوں میں موٹاپے کے مسئلہ کو کم کرنے کیلئے دیا گیا ہے اور کہا کہ اس کا ایک پہلو یہ ہے کہ خوردنی تیل استعمال نہ کرنے کی وجہ سے بچوں کو ضروری غذائی اجزاء نہیں مل پاتے۔ اس سے خوراک کی غذائیت متاثر ہوگی۔