حیدرآباد 20 فبروری ( سیاست نیوز ) رنگا ریڈی ضلع کے کندکور میں آج دودھ کا ایک کنٹینر سڑک پر الٹ گیا جس کے نتیجہ میں سینکڑوں لیٹر دودھ سڑک پر بہہ گیا ۔ پولیس کے بموجب دودھ سے بھرا ہوا کنٹینر حیدرآباد سے کندکور جا رہا تھا کہ ڈرائیور گاڑی پر قابو کھوبیٹھا اور اچانک بریک لگادیا ۔ وہ ایک ٹپر گاڑی سے تصادم سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ مخالف سمت سے آنے والے ٹپر سے ٹکرانے کے بعد کنٹینر الٹ گیا ۔ کنٹینر کا ڈرائیور رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کر رہا تھا اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا ۔ کنٹینر کے الٹ جانے کے نتیجہ میں سینکڑوں لیٹر دودھ سڑک پر بہہ گیا ۔ اس کو دیکھنے کے بعد مقامی افراد کثیر تعداد میں جمع ہوگئے اور انہوں نے دودھ حاصل کرنے کیلئے برتن بھی لالئے ۔ لوگ کنٹینر سے دودھ حاصل کرتے بھی دیکھے گئے ۔ کندکور پولیس نے جے سی بی طلب کرتے ہوئے اس کنٹینر کو سڑک سے ہٹادیا اور راستہ بحال کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد اس راہ پر ٹریفک میں بہت زیادہ خلل پڑا اور گاڑیوں کی کافی طویل قطار بھی دیکھی گئی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔