میدک میں تربیتی اجتماع، مولانا محمد عبدالحمید شاکر قاسمی و دیگر کی مخاطبت
میدک /29 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عازمین حج کو چاہئے کہ وہ دوران حج غیر ضروری مصروفیات جو کہ غیر شرعی ہیں ان سے بچا جائے بالخصوص بے پردگی ، تصویر کشی ، لڑائی جھگرے کے علاوہ دیگر عیر ضروری امور سے بچا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد عبدالحمید شاکر قاسمی فاضل دارالعلوم دیوبند نے ضلع میدک کے چیگنٹہ میں واقع مسجد بلال میں انتظامی کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے منعقدہ تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس سے مہمان خصوصی مفتی صابر حسامی استاذ حدیث و تفسیر ادارہ خیر المدارس حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج کو بالتفصیل ارکان ، حج کے متعلق عملی طور پر بیان فرمایا۔ نیز مولانا نے ایام ، حج میں پیش آنے والے ضروری مسائل پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر اختتام پر عازمین ، حج کیلئے سوال و جواب کی نشست بھی رکھی گئی ۔ جس میں عازمین حج کے سوالات کا مفصل انداز میں جواب بھی دیا گیا۔ اجلاس سے صدر جلسہ مولانا محمد جاوید علی حسامی ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم نے صدارتی خطاب میں کہا کہ جو کام کیا جائے وہ پورے اخلاص و للہیت کے ساتھ کیا جائے اور صبر کے دامن کو ہاتھ سے نہ چھوڑیں ۔ مولانا نے مزید کہا کہ باوجود سہولیات کی فراوانی کے صبر میں کمی نہیں آئے جوکہ ایام ، حج میں کافی ضروری ہے۔ تربیتی کیمپ کا اختتام مولانا کی دعاء پر ہوا ۔ اس تربیتی کیمپ میں ضلع کے مرد و خواتین کی کثیر تعداد شریک رہی ۔