حیدرآبا /28 نومبر، ( سیاست نیوز) سائبر آباد میں پیش آئے خاتون ڈاکٹر کے قتل کے واقعہ کے بعد رچہ کنڈہ پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور ایسے واقعات کا تدارک کرنے متعدد اقدامات کا آغاز کر دیا ۔ سڑک پر ٹائر پنکچر اور سواری خراب ہونے یا کسی وجہ سے سفر میں رکاوٹ پیش آتی ہے تو اب ایسے شہریوں کی پولیس مدد کرے گی۔ بالخصوص خواتین اور معمر شہریوں کیلئے ڈائیل 100 سے مدد فراہم کرنے کے علاوہ رچہ کنڈہ پولیس نے واٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا ۔ یاد رہے کہ نوجوان خاتون ویٹرنری ڈاکٹر پرینکا ریڈی کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہونے کے بعد خاتون کا قتل کرکے نعش کو جلادیا گیا۔ دل دہلادینے والے واقعہ کے بعد جہاں سائبرآباد پولیس نے خاطیوں کی شدت سے تلاش شروع کردی ہے تو وہیں رچہ کنڈہ پولیس نے احتیاطی اقدامات کو اہمیت دی ہے۔ رات کے اوقات میں معمر شہریوں اور خواتین کے ساتھ ایسے واقعات پیش آسکتے ہیں جو اپنی مدد آپ فوری نہیں کرسکتے جس کا غیر سماجی عناصر ناجائز فائدہ اٹھاسکتے ہیں جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ایسے واقعات کے تدارک کیلئے پولیس نے 9490617111 واٹس اپ نمبر جاری کردیا۔ ڈائیل 100 سے بھی مدد کرنے کا تیقن بھی دیا ہے اور کمشنر پولیس نے خود کہا کہ ایسے مشکل وقت پر فوری مقامی پولیس پریشان حال شہریوں کی مدد کرے گی۔