دورۂ انگلینڈ،پاکستانی کھلاڑیوں کو جمعہ کیلئے سیکوریٹی کے اضافی انتظامات

   

کراچی۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کرائسٹ چرچ سانحہ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر انگلش بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے نیا سیکیورٹی منصوبہ جاری کیا ہے۔ خاص طور پر مساجد میں نمازوں کے ادائیگی کے لئے میزبان بورڈ کے سیکیورٹی حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ جمعہ کو مسجد میں سیکیورٹی حصار میں پاکستانی کرکٹرز نماز ادا کریں گے۔ انگلش بورڈ کی طرح آئی سی سی بھی اسی طرح کا سیکیورٹی منصوبہ لائے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جب لندن کے ہیتھرو ایرپورٹ پر اتری تو کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو عام مسافروں کے بجائے خصوصی انتظام کئے گئے کمرے میں بٹھا کرباہر جانے کی اجازت فراہم کی گئی اور آدھے گھنٹے میں ہوٹل روانہ کردیا گیا۔ ہیتھرو ایرپورٹ کا شمار دنیا کے مصروف ترین ایرپورٹس میں ہوتا ہے اور معمول کے مطابق جب بھی کوئی غیر ملکی ٹیم لندن پہنچتی ہے اسے عام مسافروں کے ساتھ امیگریشن لائن میں کھڑے ہوکر طریقہ کار سے گذارا جاتا ہے۔ کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے آئی سی سی اور ای سی بی کو خط تحریر کئے تھے کہ پاکستانی کھلاڑ ی بھی مساجد میں جاتے ہیں اور خاص طور نماز جمعہ کی ادائیگی مسجد میں کرتے ہیں۔ چونکہ نیوزی لینڈ میں بنگلہ دیش کی ٹیم بال بال بچ گئی تھی اس لئے انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے لئے سیکیورٹی کے خاص انتظات کئے جائیں جس کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے لئے نیا سیکیورٹی منصوبہ بھیجا تھا۔ ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم کی میزبانی انگلینڈ بورڈکررہا ہے۔ پاکستانی ٹیم ہیتھرو پہنچی تو امیگریشن حکام کے ساتھ آئی سی سی ایونٹ اور لاجسٹکس کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ذرائع کے بموجب پاکستانی ٹیم کے سیکیورٹی آفیسر میجر (ر) اظہر کے ساتھ انگلش بورڈ کے ونز نامی سیکیورٹی عہدیدار ہیں۔ ونز سابق اینٹیلی جنس افسر ہیں۔ تاہم ٹیم بس کے ساتھ سیکیورٹی کی کوئی گاڑی موجود نہیں تھی۔