دورۂ نیوزی لینڈکیلئے آج ہندوستانی ٹیم کا انتخاب

   

ممبئی ۔ 11 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ کے چھ ہفتے طویل سخت ترین دورے کیلئے ہندوستانی ٹیم کا کل انتخاب عمل میں آرہا ہے اور ہندوستانی ٹیم میں آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کی واپسی کے علاوہ لوکیش راہول کو بحیثیت تیسرے اوپنر منتخب کرنے کے موضوعات اہمیت کے حامل ہوں گے ۔ ہندوستان دورۂ نیوزی لینڈ کا آغاز 24 جنوری کو کرے گا اور اس دورہ پر وہ میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹوئنٹی 20مقابلوں کے علاوہ تین ونڈے اور دو ٹسٹ بھی کھیلے گا ۔ ہندوستانی ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ پر محدود اوور کے آٹھ مقابلوں میں شرکت کرے گی جس کے لئے 16 یا 17 رکنی ہندوستانی ٹیم کا کل انتخاب عمل میں آرہا ہے اور روایت سے ہٹ کر 15 رکنی ٹیم کے بجائے زائد کھلاڑیوں کو شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ آئندہ برس آسٹریلیا میں مجوزہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے پیش نظر دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے ہندوستانی ٹیم کا انتخاب عمل میں آئیگا کیونکہ جہاں ورلڈ کپ کے انعقاد میں چند مہینہ ہی رہ گئے ہیں تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وکٹیں تقریباً آسٹریلیائی وکٹوں کی طرح ہی ہوتی ہیں ۔سری لنکا کیخلاف حالیہ منعقدہ ٹوئنٹی 20 سیریز جس میں ہندوستان نے 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے اس کے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اُمید ہے اور آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا جو پہلے ہی اے ٹیم کیلئے نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہیں انھیں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ ہندوستانی اے ٹیم جو نیوزی لینڈ کے دورہ پر ہے جہاں وہ تین مقابلے کھیلے گی اور اس کا اختتام 26 جنوری کو ہوگا جس کے ذریعہ ہاردیک پانڈیا اپنا فام حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کریں گے اور 29 جنوری کو کھیلے جانے والے تیسرے مقابلے کے لئے وہ قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ موجودہ ونڈے ٹیم میں سب سے کمزور کڑی کیدار جادھو کی ہے جنھیں بہتر مظاہرے کے دباؤ کے علاوہ دیگر بیٹسمینوں کے بہتر مظاہرے کی وجہ سے ٹیم سے باہر جانا پڑسکتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم اگر تکنیکی اعتبار سے بہتر بیٹسمین کا انتخاب کرنے کا منصوبہ بناتی ہے تو پھر اجنکیا رہانے کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ممبئی کے کھلاڑی سوریہ کمار یادو کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ سنجیو سامسن اور سوریہ کمار پہلے ہی اے ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ جارہے ہیں۔ تیسرے اوپنر کیلئے لوکیش راہول اور شوبھم گل کے ناموں پر غور ہوسکتا ہے اور ان میں بھی تجربہ کی بنیاد پر راہول کی دعویداری مضبوط دکھائی دیتی ہے ۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں محمد سمیع ، ایشانت شرما ، اُمیش یادو اور جسپریت بمرہ کے ہمراہ نودیپ سینی کو بھی موقع مل سکتا ہے جبکہ تیسرے اسپنر کے طورپر کلدیپ یادو اہم نام ہیں۔