دورۂ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا 19 جولائی کو اعلان

   

نئی دہلی ۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جوکہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی، اس کیلئے 19 جولائی کو قومی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا لیکن سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل کے متعلق ہنوز کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے جبکہ دورہ ویسٹ انڈیز پر محدود اوورس کی کرکٹ کا 3 اگست کو آغاز ہوگا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں 9 جولائی کو جب نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو شکست ہوئی تھی تب سے ہی مہندر سنگھ دھونی کے مستقبل کے متعلق پیش قیاسیاں کی جارہی ہیں اور امید کی جارہی ہیکہ 38 سالہ بیٹسمین آئندہ چند دنوں میں کوئی فیصلہ کریں گے۔ ایڈمنسٹریٹرس کی کمیٹی کے اجلاس کے بعد بی سی سی آئی کے عہدیدار نے کہا کہ سلیکٹروں کی 19 جولائی کو ممبئی میں ایک ملاقات ہے اور اس ملاقات میں دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا لیکن سلیکٹروں کو دھونی کے متعلق ہنوز کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے جبکہ ورلڈ کپ میں انہوں نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ دھونی اپنا فیصلہ خود کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں مستقل کپتان ویراٹ کوہلی اور فاسٹ بولر جسپریت بمرا دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے محدود اوورس کی کرکٹ میں آرام کرسکتے ہیں جیسا کہ ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان 3 ٹوئنٹی 20 اور 3 ونڈے مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے بعد 22 اگست کو دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔