دورۂ پاکستان کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم کا اعلان

   

ڈھاکہ ۔20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، محمود اللّٰہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ تین میچوں کی سیریز کے لیے غیر معروف فاسٹ بولر حسن محمودکو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اوپنر تمیم اقبال کی افغانستان کے خلاف ہوم سیریز اور زمبابوے اور ہندوستان کے دورے کے بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جبکہ مصدق حسین، عرفات سنی، تیج الاسلام اور ابو حیدر کو خارج کردیا گیا ہے۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر حسن محمود ٹیم کا مستقبل ہے، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں یہ بہترین وقت ہے کہ اسے موقع دیا جائے۔ سیکیورٹی وجوہات کے باعث وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم کے پاکستان نہ جانے پر اْنہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ 32 سالہ مشفق الرحیم نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان جانے والے اسکواڈ کے ساتھ نہیں ہوں گے۔مشفق الرحیم نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ بہت پہلے کرلیا تھا اور بورڈ کو بھی آگاہ کردیا تھا، جبکہ ایک خط بھی جمع کروایا تھا، میرے افراد خاندان کو تشویش ہے لہٰذا میں ٹیم کے ساتھ نہیں جارہا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ بیٹنگ کوچ نیل مک کینزی، اسپن بولنگ کوچ ڈینیل ویٹوری اور فیلڈنگ کوچ رایان کوک بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان نہیں جارہے۔