دورہ آسٹریلیا،ہندوستانی انڈر19 میں سوریاونشی بھی شامل

   

ممبئی ۔ 31 جولائی (ایجنسیز) بورڈ آف کنٹرول فارکرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) نے آسٹریلیا کے دورے کے لیے ہندوستانی انڈر 19 مینزکرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ یہ دورہ ستمبر 2025 میں ہوگا جس میں ہندوستان کی نوجوان ٹیم آسٹریلیا انڈر19 کے خلاف تین ونڈے اور دو چار روزہ میچ کھیلے گی۔ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بہترین موقع ہوگی۔ حال ہی میں ہندوستان کی انڈر19 ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ بھی کیا جہاں اس نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ جونیئر کرکٹ کمیٹی نے آیوش مہاترے کو ٹیم کا کپتان مقررکیا ہے جبکہ ویہان ملہوترا نائب کپتان ہوں گے۔ ان کے علاوہ 14 سالہ دھماکہ خیز بیٹر ویبھو سوریاونشی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ویبھو سوریاونشی نے حال ہی میں انگلینڈ کے دورے پر زبردست بیٹنگ کی اور سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ اب وہ آسٹریلیا میں اپنی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے نظر آئیں گے۔ ساتھ ہی راہول کمار ، ابھیگیان کنڈو ، آر ایس امبریش اور کنشک چوہان جیسے نوجوان کھلاڑی بھی اس دورے کا حصہ ہوں گے۔ سب سے پہلے 3 ونڈے میچ ہندوستان اورآسٹریلیا کی انڈر19 ٹیموں کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ سیریزکا پہلا میچ 21 ستمبرکو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا میچ 24 ستمبر اور تیسرا میچ 26 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 یوتھ ٹسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 30 ستمبر سے 3 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا ٹسٹ 7 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ ان میچوں کے لیے مجموعی طور پر17 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور 5 کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی پر بھی منتخب کیا گیا ہے۔ دریں اثناء سوریاونشی کو مبارک باد دی جارہی ہے ۔ہندوستانی انڈر 19 ٹیم دورہ آسٹریلیا کے لیے: آیوش مہاترے ( کپتان )، ویہان ملہوترا ( نائب کپتان )، ویبھو سوریاونشی ، ویدانت ترویدی ، راہول کمار ، ابھیگیان کنڈو ( وکٹ کیپر )، ہرونش سنگھ ( وکٹ کیپر )، آر ایس امبریس ، کنشک چوہان ، نمن پشپاک ، دی مول ، ہیویش کمار ، ہیویش کمار ، دیمول ، نمن پشپاک سنگھ ، کھلن پٹیل ، ادھو موہن اور امان چوہان۔