کراچی ۔ امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ محمد حفیظ سمیت جن دس کرکٹرز کے کورونا ٹسٹ مثبت آئے تھے اور دوسری بار ان کے ٹسٹ کی رپورٹ منفی آتی ہے تو وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ اتوارکو انگلینڈ جاسکیں گے۔ پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے اس متعلق دنیا کے بڑے ماہرین سے رائے مانگی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ان کی اہلیہ کا کوویڈ ٹسٹ منفی آنے کے بعد دونوں پاکستان ٹیم کے ساتھ چارٹرڈ فلائٹ پر اتوار کی صبح مانچسٹر روانہ ہوں گے۔پہلے مرحلے میں جن کرکٹرز کے نتائج منفی آئے ہیں ان کرکٹرز کے کورونا ٹسٹ دوبارہ کیے جائیں گے۔ ابتدا میں پی سی بی نے کہا تھا کہ وہی کھلاڑی انگلینڈ جاسکیں گے جن کے پاکستان میں دو ٹسٹ منفی آئیں گے۔ پہلی بار جن کھلاڑیوں کے ٹسٹ مثبت آئے تھے اور دوسری بار ان کے ٹسٹ منفی آتے ہیں تو وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔