دورہ انگلینڈ کے لئے 29 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

اسلام آباد۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے مجوزہ دورے کے لئے29 رکنی ٹیمکا اعلان کیا ہے ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہونی ہے ۔ اگرچہ اس کی تاریخ کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن پی سی بی کو اگست میں اس سیریز کی توقع ہے ۔پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لئے فاسٹ بولر سہیل خان کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ سہیل نے آخری مرتبہ2016 میں ایک ٹسٹ میچ کھیلا تھا۔ اس سال انگلینڈ کے خلاف ٹور کے دوران اس نے دو بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ سہیل نے حال ہی میں قائداعظم ٹرافی میں نو میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں۔پاکستان نے آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم میں نوجوان کرکٹر حیدر علی کا نام بھی شامل کیا ہے ۔ علی کے ساتھ کاشف بھٹی کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ علی اور بھٹی کو بھی آسٹریلیا اور سری لنکا کے دورے کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ پلئینگ الیون میں شامل نہیں ہوئے تھے ۔دریں اثنا پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ سے دستبردار ہوگئے جس کی وجہ سے ان دونوں کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔عامر کی اہلیہ حاملہ ہیں اور وہ اگست میں اپنے دوسرے بچے کو جنم دیں گی جس کی وجہ سے عامر دورہ انگلینڈ نہیں جاسکیں گے جبکہ سہیل نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔یادرہے کہ اس وقت ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ پہنچ چکی ہے جو قرنطینہ کی مدت گزاررہی ہے جس کے بعد وہ سیریز کا آغاز کرے گی۔پاکستان کی 29 رکنی ٹیم یہ ہے ۔عابد علی ، فخر زمان ، امام الحق ، شان مسعود ، اظہر علی ، بابر اعظم (ٹسٹ نائب کپتان اور ٹوئنٹی20 کپتان) ، اسد شفیق ، فواد عالم ، حیدر علی ، افتخار احمد ، خوش دل شاہ ، محمد حفیظ ، شعیب ملک ، محمد رضوان ، سرفراز احمد ، فہیم اشرف ، حارث رؤف ، عمران خان ، محمد عباس ، محمد حسنین ، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، سہیل خان ، عثمان شنواری ، وہاب ریاض ، عماد وسیم ، کاشف بھٹی ، شاداب خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔