دورۂ ویسٹ انڈیز، گل کوآرام دینے پر غور

   

نئی دہلی۔ شبمن گل کو ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل بتایا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گل نے تمام طرز کی کرکٹ میں اپنی صلاحیت دکھائی ہے۔ وہ تینوں فارمیٹس میں شاندار فارم میں ہیں۔گل کے پاس دسمبر2022 سے تاحال کوئی جواب نہیں ہے۔ انہوں نے ونڈے میں ڈبل سنچری، ٹسٹ میں ایک سنچری، آئی پی ایل میں ایک سنچری اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک سنچری بھی بنائی ہے، لیکن پھر بھی ویسٹ انڈیز دورے پرگل باہر بیٹھ سکتے ہیں۔ ہندوستان کو اگلے ماہ ویسٹ انڈیزکے دورے پر جانا ہے۔ اس دورے پر دو ٹسٹ میچوں کے علاوہ، ہندوستان کو تین ونڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلنے ہیں۔ یہ دورہ 12 جولائی کو شروع ہوکر 13 اگست کو ختم ہوگا۔ اس دورے کے لیے ٹیم کا اعلان نہیں کیاگیا ہے لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق گل کو دورہ ویسٹ انڈیز پر ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آرام دیا جا سکتا ہے۔ یہ فیصلہ کام کے بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا سکتا ہے۔ گل مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش کے دورے پر گئے تھے۔ پھر وہاں سے واپسی کے بعد گھر پر آسٹریلیا کے خلاف چارمیچوں کی ٹسٹ سیریز میں حصہ لیا۔ پھرآئی پی ایل2023 میںکھیلا اور پھر اس کے بعدآئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل بھی کھیلا۔ اس سال ہندوستان کو ایشیاکپ اور پھر ونڈے ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔ گل ونڈے میں ٹیم کے اہم رکن بن چکے ہیں اور سلیکٹرز نہیں چاہتے کہ گل پر تھکاوٹ کا غلبہ رہے، اس لیے وہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گل کو آرام دینے کے موڈ میں ہیں تاکہ ورلڈ کپ کیلئے انہیں تازہ دم رکھا جائے ۔