دوستوں میں جھگڑا ، ایک شخص کا قتل

   

حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ منگل ہاٹ میں لوڈو کھیلنے کے دوران دوستوں میں جھگڑے کے باعث ایک شخص کا قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے منگل ہاٹ کے علاقہ چرچ لین گوفا نگر میں حنیف، مصطفی، رشید اور دیگر تین افراد لوڈو کا کھیل رہے تھے اور شراب نوشی بھی کی تھی۔ اسی دوران آپس میں دوستوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی اور بعد ازاں یہ بحث زبردست جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ اس واقعہ میں محمد حنیف ساکن گنگا باؤلی منگل ہاٹ شدید زخمی ہوگیا تھا اسے علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس واقعہ میں محمد مصطفی اور رشید بھی زخمی ہوگئے اور وہ دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔ پولیس منگل ہاٹ نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔B