دھوکہ دہی میں ملوث نائیجریائی اور نیپالی باشندے گرفتار
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے سوشیل میڈیا پلاٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دہی میں ملوث نائیجیریائی باشندہ کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ فیڈلس اوبینا اپنے ایک ساتھی انیل کمار پانڈے متوطن مظفر پور بہار دھوکہ دہی میں ملوث تھے۔ پولیس کمشنر رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلیدھر بھاگوت نے کہا کہ مذکورہ نائیجریائی باشندہ ویزٹ ویزا پر ہندوستان آیا تھا اور وہ سوشیل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے فیس بک کے ذریعہ فرینڈ شپ کے بہانے ہندوستانی شہریوں کو ٹھگ رہا تھا۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ نائجیرین باشندہ خود کو یوروپ اور دیگر بیرونی ممالک سے وابستہ خواتین ظاہر کرتے ہوئے دوستی کے بہانے رقومات ہڑپ لیا کرتا تھا اور انیل کمار پانڈے کے اکاؤنٹ کے ذریعہ روپئے حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دے رہا تھا۔ پولیس نے گرفتار نائیجریائی باشندہ سے موبائیل فون، 65 ڈیبٹ کارڈ، سواپنگ مشینس اور بینک کھاتوں میں موجود 6 لاکھ سے زائد کی رقم کو منجمد کردیا۔ مسٹر بھاگوت نے اسی قسم کی ایک اور دھوکہ دہی کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے سوشیل میڈیا کے ذریعہ دوستی کے بہانے سے عوام کو ٹھگنے والے نیپالی باشندے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ33 سالہ تارا بہادر جو نیپال کا باشندہ ہے اور وہ نئی دہلی کے لکشمی نگر میں مقیم تھا اس نے خود کو یوروپ سے وابستہ خاتون ظاہر کرتے ہوئے کئی افراد سے ربط پیدا کیا اور ان کے بینک کھاتوں سے لاکھوں روپئے حاصل کرلئے۔ مسٹر بھاگوت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائن دوستی یا رابطہ قائم کرنے کے سلسلہ میں چوکس رہیں۔