حیدرآباد ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) دوست اور اس کی بہن کے کردار کو بدنام کرنے والے ایک شخص کو راچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس نے لڑکی کی شکایت پر اقدام کیا اور 27 سالہ سی سنتوش ساکن کنڈا پور متوطن ناگرکرنول کو گرفتار کرلیا۔ اس بدقماش شخص نے اپنے ساتھی کی بہن پر بری نظر ڈالی تھی اور لڑکی کے انکار پر اس نے بدلہ لینے کی خاطر لڑکی اور اس کے بھائی کے کردار کو متاثر کیا۔ پولیس کے مطابق سنتوش اکثر اس کے ساتھی روی تیجا کے مکان جایا کرتا تھا اوراس دوران اس کی بہن سے اس کی پہچان ہوئی۔ بھائی کے دوست کی حیثیت سے لڑکی اس سے بات کرتی تھی اور اس بات کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اس لڑکی کو محبت کے نام پر ہراساں کرنے لگا۔ لڑکی کی جانب سے انکار پر اس نے اس کا میل آئی ڈی ہائیک کرلیا اور لڑکی کی تصاویر کو حاصل کرلیا اور سوشل نٹ ورکنگ سائیٹ فیس بک پر ایک فرضی اکاؤنٹ تیار کیا اور اس آئی ڈی کے ذریعہ لڑکی کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ناقابل بیان انداز میں جملے تحریر کئے اور لڑکی کا فون نمبر اور اس کے بھائی یعنی اپنے ساتھی کا فون نمبر بھی اس پوسٹ پر درج کردیا جس کے بعد انہیں طرح طرح کے فون کالس حاصل ہونے لگے اور لوگ انہیں پریشان کررہے تھے۔ پولیس نے شکایت کے بعد تحقیقات کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔