دوسروں کے کام کو ووٹوں کے حصول کیلئے استعمال کرنا نامناسب

   

کیا مودی نے سیٹلائٹ شکن مزائیل داغا ہے : کمارا سوامی
بنگلورو۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج سوال کیا کہ آیا سیٹلائٹ شکن مزائیل تجربہ کی کامیابی مودی حکومت کا کارنامہ ہے؟ اور الزام عائد کیا۔ کسی دوسرے کی طرف سے کئے گئے کاموں کو وہ ووٹوں کے حصول کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ کمارا سوامی نے کہا کہ آیا یہ (مودی حکومت کا) کوئی بڑا کارنامہ ہے؟ ملک میں سائنس دانوں کی ایک ٹیم مخصوص کام کیلئے مختص ہے جو کسی بھی حکومت کے اقتدار میں رہنے سے قطع نظر معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف رہتی ہے۔ کمارا سوامی نے کہا کہ چنانچہ کیا کسی دوسرے کے کام کو استعمال کرتے ہوئے کوئی اپنے لئے ووٹ مانگ سکتا ہے؟ یہ شہریوں کا کارنامہ ہے جو مخصوص شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں۔ اس کارنامہ کے ضمن میں مودی حکومت کی اہمیت گھٹاتے ہوئے کمارا سوامی نے کہا کہ آیا مودی نے سیٹلائٹ شکن مزائیل داغا ہے یا پھر یہ سائنس داں ہیں جنہوں نے اس کام کو ممکن بنایا۔ مودی کا مذاق اڑاتے ہوئے کمارا سوامی نے بنگلورو میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ وزیراعظم نے ایک ضروری اعلان کے نام پر ہر کسی کو آدھے گھنٹے تک اس طرح انتظار میں بے چین کردیا جیسے کوئی کسی بس اسٹینڈ یا بیت الخلاء کے پاس بے چینی سے ٹھہرا انتظار میں رہتا ہے۔