ٹوکیو : یہ آج سے ٹھیک 50 سال قبل کا واقعہ ہے جب ایک جاپانی فوجی کو دوسری عالمی جنگ کے خاتمہ کے لگ بھگ تین دہائیوں بعد گوام کے جنگلوں سے صحیح سلامت ڈھونڈ لیا گیا۔جنگ کے خاتمہ کے بعد 28 برس تک دشمن کے خوف سے جنگل میں چھپ کر زندگی گزارنے والے اس فوجی کی جاپان واپسی پر ایک ہیرو کی طرح پذیرائی کی گئی اور انھیں خوش آمدید کہا گیا، لیکن وہ اس جدید معاشرے میں کبھی بھی معمول کی زندگی بسر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ان 28 برسوں کے دوران گوام کے جنگلات میں چھپے جاپانی فوج کے لانس کارپورل شوئچی یوکوئی کو اس بات کا قوی یقین تھا کہ اْن کے ساتھی ایک دن اْن کی تلاش میں ادھر آئیں گے۔جب 24 جنوری 1972 کو بحرالکاہل کے ایک جزیرے سے مقامی شکاریوں نے ڈھونڈ نکالا تو اْس وقت 57 سالہ سابق فوجی کے ذہن میں یہی بات تھی کہ اْن کی زندگی خطرے میں ہے۔ یوکوئی کے بھانجے اومی ہاتاشن کہتے ہیں کہ شکاریوں کو دیکھ کر ’وہ بہت زیادہ گھبرا گئے تھے۔‘30 برس کے وقفے کے بعد اپنے جیسے دیگر انسانوں کی جھلک دیکھ کر وہ چونک گئے تھے کیونکہ انھوں نے کئی برسوں سے کسی انسان کو نہیں دیکھا تھا۔