دوسری لہر ابھی ختم نہیں ہوئی ، وزراء گروپ کا انتباہ

   

نئی دہلی : مرکزی حکومت کے وزراء گروپ کے 29و یں اجلاس میں آج یہ انتباہ دیتے ہوئے کہ کوویڈ۔19 کی دوسری لہر ابھی ختم نہیں ہوئی ، عوام کو مشورہ دیا گیاہے کہ خود کو محفوظ اور صحتمند برقرار رکھنے کے لئے کوویڈ کے قواعد کی تعمیل کرتے رہیں۔ وزراء گروپ نے وضاحت کی کہ تمام اینٹی کورونا ویکسین جو فی الحال ملک میں دستیاب ہیں ، کورونا وائرس کے الفا ، بیٹا ، گاما اور ڈیلٹا نوعیت کی شکلوں کے خلاف موثر ثابت ہوئے ہیں۔ گروپ نے کوویڈ قواعد کی اہمیت کا پرزور اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ میں غفلت نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں کورونا تحدیدات ہٹائے جارہے ہیں ۔ ڈاکٹر وی کے پال نے ماسک لگانے اور ہاتھوں کو صاف رکھنے کے فوائد پر روشنی ڈالی جبکہ آئی سی ایم آر ڈائرکٹر جنرل بلرام بھارگو نے بھی متنبہ کیا کہ ملک کے 80 اضلاع میں ہنوز پازیٹیو ریٹ زیادہ ہے۔