ممبئی 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج کہا کہ وہ صرف بی جے پی کے نہیں بلکہ حلیف جماعتوں کے بھی چیف منسٹر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ دوسری معیاد کیلئے بھی کام کرینگے ۔ مہاراشٹرا میں شیوسینا ۔ بی جے پی کے مابین چیف منسٹر کا عہدہ تنازعہ کا باعث رہا ہے ۔ فرنویس نے آج ریاستی عاملہ کے اجلاس سے کہا کہ وہ صرف بی جے پی کے نہیں بلکہ شیوسینا اور آر پی آئی کے بھی چیف منسٹر ہیں۔ لوگ یہ فیصلہ کرینگے کہ آئندہ چیف منسٹر کون ہوگا ۔ پارٹی کارکنوں کو اس سلسلہ میں متفکر ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ دوسری معیاد کیلئے بھی وہی کام کرینگے ۔
دہلی میں پنجابی اور اردو کی نصف سے زائد جائیدادیں تقرر طلب
نئی دہلی 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی حکومت کے سرکاری اسکولس میں پنجابی اور اردو کی نصف سے زائد جائیدادیں تقرر طلب ہیں ۔ دہلی میں ان دونوں زبانوں کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ بھی حاصل ہے ۔ ایک آر ٹی آئی درخواست پر یہ بات سامنے آئی ہے ۔ دہلی میں جملہ 794 سرکاری اسکولس ہیں اور اردو اساتذہ کی 650 سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ اسی طرح پنجابی ٹیچرس کی 750 جائیدادیں تقرر طلب ہیں۔ آر ٹی آئی کی درخواست ظرف فاونڈیشن و ویلفیر سوسائیٹی کے صدر نشین منظر علی نے پیش کی تھی جس کے جواب میں یہ انکشاف ہوا ہے ۔