اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ریاستی وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے ایک اور اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مارچ ۔ اپریل سے ریاست میں دوسرے مرحلہ کے اندراماں ہاؤزنگ منظور کئے جائیں گے۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ عوامی حکومت صرف انتخابی حکمرانی نہیں کرتی بلکہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت صرف انتخابی فائدوں کیلئے انتخابات سے عین قبل فلاحی اسکیمات کا اعلان کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دورحکومت میں گلابی کلر کا شرٹ پہننے والوں کو ہی مکانات منظور کرتی تھی۔ تاہم کانگریس حکومت ریاست کے غریب اور مستحق افراد کو ذات پات سیاست، علاقہ سے بالاتر ہوکر اندراماں مکانات تقسیم کررہی ہے۔ بی آر ایس کے دورحکومت میں زیرالتواء ڈبل بیڈروم مکانات کے فنڈز بھی جاری کررہی ہے۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے جس گاؤں کو گود لیا تھا اس گاؤں میں کانگرسی حکومت نے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرایا ہے۔ کانگریس حکومت غریب عوام کو اندراماں مکانات تقسیم کے وعدے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ ابھی تک ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں بڑے پیمانے پر اندراماں مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ہر سال اس میں اضافہ کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دورحکومت میں صرف کمیشن کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے گئے۔ کانگریس حکومت کی جانب سے قبائلی علاقوں میں 12,000 اندراماں مکانات منظور کئے گئے۔ مکانات کی تعمیرات مکمل ہونے سے قبل تین مرحلوں میں فنڈز جاری کئے جارہے ہیں جو بھی بقایا جات ہیں انہیں بہت جلد جاری کردیا جائے گا۔2