ہیملٹن ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹام لیتھم کی ناقابل تسخیر سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے یہاں انگلینڈ کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر ابتدائی نقصانات سے باہر نکلتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز اسکور کرلئے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتداء میں صحیح ثابت ہوا کیونکہ 39 رنز کے اسکور پر نیوزی لینڈ کو جیتن راویل (5) اور کپتان کین ولیمسن (4) کا نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن اس کے بعد لیتھم اور سینئر بیٹسمین راس ٹیلر نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے نقصان سے قبل مجموعی اسکور کو 155 رنز تک پہنچایا۔ ٹیلر نے 100 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کئے۔ پہلے دن کے اختتام پر لیتھم 164 گیندوں میں 15 چوکوں کی مدد سے 101 جبکہ نیکولاس نے 22 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ انگلینڈ کیلئے کریس ووکس نے 41 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسٹیورٹ براڈ نے 33 رنز کے عوض انگلش ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی تھی۔