دولت اسلامیہ کے مشتبہ جنگجو کی شہریت ختم کرنے پر سوالیہ نشان

   

سڈنی۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے قبل ازیں دولت اسلامیہ کے مشتبہ جنگجو کی شہریت واپس لینے کا جو فیصلہ کیا تھا، وہ اب کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے کیونکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مشتبہ جنگجو دوہری شہریت کا حامل شخص ثابت نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ نیل پرکاش نامی شخص پر جہادیوں کے گروپ کا حصہ ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور گزشتہ ماہ کے اواخر میں ایک ایسی فہرست تیار کی گئی تھی جن میں ایسے لوگوں کے نام تھے جن کے دہشت گردوں سے روابط کی بنیاد پر پاسپورٹ منسوخ کئے جانے والے تھے اور نیل پرکاش ایسا 12 واں شخص تھا جس کا نام اس فہرست میں شامل تھا جنہیں دوہری شہریت کا حامل شخص قرار دیا گیا تھا تاہم کچھ دنوں بعد فیجی کے حکام نے بتایا کہ نیل پرکاش حقیقتاً فیجی کا باشندہ نہیں تھا جیسا کہ آسٹریلیا کی حکام سمجھ رہے تھے اور اس طرح اب آسٹریلیا کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں قانونی رکاوٹیں پیدا ہوگئیں۔ آسٹریلیائی قوانین کے مطابق کسی شخص کی آسٹریلیائی شہریت اس وقت ختم کی جاسکتی ہے جب یہ پتہ چلے کہ وہ دوہری شہریت (دیگر کسی ملک کا شہری) کا حامل ہے۔