ٹی آر ایس پر راملو نائیک کا الزام، ورنگل تک پدیاترا کا منصوبہ
حیدرآباد۔ کانگریس کے سابق ایم ایل سی راملو نائیک نے کہاکہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس نے دولت، شراب ، پولیس اور سرکاری مشنری کا استعمال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راملو نائیک جنہوں نے ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ نشست سے مقابلہ کیا تھا بتایا کہ دھاندلیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی ہے۔ نتائج سے بظاہر یہ محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے گریجویٹس کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ خانگی کالجس کو دھمکیاں دی گئیں کہ ٹی آر ایس کو ووٹ نہ دینے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے خلاف 75 فیصد ووٹ استعمال کئے گئے اور محض 25 فیصد سے ٹی آر ایس امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ناگر جنا ساگر کے ضمنی چناؤ میں وہ کل سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ اس حلقہ میں 54 ہزار ایس ٹی رائے دہندے ہیں اور ٹی آر ایس نے ایس ٹی طبقہ کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا۔ راملو نائیک نے کہا کہ 27 اپریل سے وہ ورنگل تک پدیاترا منظم کریں گے تاکہ ایس ٹی تحفظات پر عمل آوری کیلئے حکومت پر دباؤ بنایا جائے۔