دولت اور شراب کے بغیر انتخابی مہم کے لیے کے سی آر اور کے ٹی آر قسم کھائیں

   

Ferty9 Clinic

ریونت ریڈی کا چیلنج، رقومات کی منتقلی کیلئے کے ٹی آر کے بیرونی دورہ کا الزام
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کے سی آر اور کے ٹی آر کو چیلنج کیا کہ اسمبلی چناؤ میں دولت اور شراب کے بغیر مہم چلانے کیلئے مذہبی مقامات پر عہد کریں۔ چیوڑلہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین کی شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر نے اعلان کیا تھا کہ اس مرتبہ دولت اور شراب کی تقسیم کے بغیر کامیابی حاصل کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر اور کے ٹی آر کو چیلنج کیا کہ وہ دولت اور شراب کی عدم تقسیم کے بارے میں یادگیر گٹہ مندر، درگاہ یوسفینؒ یا میدک کے چرچ پہنچ کر قسم کھائیں اور کانگریس پارٹی بھی اپنے تمام 119 امیدواروں کے ساتھ قسم کھانے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی 2004 تا 2014 ریاست کی ترقی کے بارے میں عوام سے ووٹ مانگے بی جبکہ بی آر ایس کو 2004 تا 2023 اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کی اپیل کرنی چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کے سی آر اور کے ٹی آر میں ہمت ہو تو وہ مذہبی مقامات پہنچ کر امیدواروں کے ساتھ قسم کھاتے ہوئے اپنی سنجیدگی ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو واضح کرنا چاہیئے کہ آیا وہ اپنے فرزند کے ٹی آر کی بات پر قائم رہیں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر کے سی آر کو اعلان کرنا چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ دولت اور شراب کے بغیر بی آر ایس کامیابی کا تصور بھی نہیں کرسکتی۔ بی آر ایس امیدواروں کی فہرست کی اجرائی کے موقع پر کے ٹی آر کی غیر موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے سرمایہ منتقل کرنے کیلئے بیرونی دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں آوٹر رنگ روڈ کی اراضیات کی فروخت سے جو کمیشن حاصل ہوا ہے اسے جمع کرانے کیلئے کے ٹی آر امریکہ گئے ہیں۔ جب بھی کوئی اہم معاہدہ طئے پاتا ہے یا پھر کسی پراجکٹ کے کنٹراکٹ دیئے جاتے ہیں تو کے ٹی آر کسی نہ کسی بہانے سے بیرونی دورہ پر روانہ ہوجاتے ہیں تاکہ کمیشن کی رقم کو بیرونی بینکوں میں جمع کیا جائے۔