دولت کمانے کے لالچ میں ٹماٹر کی ذخیرہ اندوزی ‘ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ

   

حیدرآباد۔22 جولائی (سیاست نیوز) ٹماٹر کی فروخت کے ذریعہ کروڑ پتی بننے کے رجحان سے اس کا ذخیرہ کیا جانے لگا ہے! ٹماٹر کی کاشت میں اضافہ کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ آنے کی وجوہات کا جائزہ لینے پر انکشاف ہوا ہے کہ ٹماٹر کی فروخت سے کروڑپتی بننے والے کسانوں سے متعلق خبروں نے دیگر کاشتکاروں اور کسانوں کو بھی لالچ کا شکار بنا دیا ہے جس کے نتیجہ میں ٹماٹر کی کاشت کے باوجود ٹماٹر بازار میں پہنچنے کے بجائے ذخیرہ کیا جا رہاہے۔ ٹوئیٹر پر گشت کررہی ویڈیومیں مختلف ریاستوں بالخصوص مہاراشٹرا و کرناٹک ‘ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے بعض گوداموں کی تفصیلات درج کرکے شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ چند یوم کیلئے ٹماٹر کا استعمال ترک کردیں کیونکہ اگر استعمال کے رجحان میں کمی ہوتی ہے اور گودام سے ٹماٹر باہر نہیں لائے جاتے ہیںتو ٹماٹر سڑنے لگ جائیں گے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ ان ویڈیو کو شئیر کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے اپنے کیمروں سے انہوں نے یہ ویڈیو بنائی ہے جس میں ٹماٹر کے کیریٹ دیکھے جا رہے ہیں اور ٹماٹر کے انبار لگے ہیں اس کے علاوہ لاریوں سے ٹماٹر اتارے جا رہے ہیں لیکن بازار میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ شہر میں گذشتہ دو یوم میں ٹماٹر کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی لیکن اب دوبادہ فرضی قلت کے نام پر قیمتوں میں اضافہ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے مسلسل بارشوں سے فصلیں ہوئی ہیں اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی ممکن نہیں ہے ۔ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ پر ٹوئیٹر پر دلچسپ تبصرے بھی کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ امبانی اور اڈانی جو ترکاری کی سپلائی چین اور سوپر مارکٹس چلا رہے ہیں ان کی جانب سے ٹماٹر کی ذخیرہ اندوزی ہو رہیہے اسی لئے حکومت کوئی کاروائی نہیں کر رہی ہے ۔م