کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی کا الزام، سنگاریڈی میں اہلیہ کو صدرنشین کا امیدوار بنانے کا اعلان
حیدرآباد۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس بلدی انتخابات میں دولت کے استعمال کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں شہری علاقوں کی ترقی کے لیے جو اقدامات کئے گئے اس کے نتیجہ میں کانگریس کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے بلدی انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے طریقہ کار پر اعتراض جتایا اور کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کسی بھی صورت کامیابی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سنگاریڈی میونسپل چیرمین کے عہدے کے لیے تحفظات حق میں ہوں تو ان کی شریک حیات نرملا جگاریڈی صدرنشین کے عہدے کی امیدوار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی عوام کی بہتر خدمت اور ترقی کے لیے وہ اپنی اہلیہ کو میدان میں اتارنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگور کا پانی دیگر علاقوں کو منتقل کرنے کے نتیجہ میں سنگاریڈی کو شدید پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ حیدرآباد سے سنگاریڈی کے لیے گوداوری کا پانی منتقل کرنے کے لیے حکومت سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر بات کرنے پر قائد اپوزیشن شخصی الزامات عائد کررہے ہیں۔ میں ان کے الزامات کا جواب نہیں دوں گا۔ میں کیا ہوں سنگاریڈی کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ سنگاریڈی میں آئی آئی ٹی، اگریکلچرل یونیورسٹی، پالی ٹیکنیک کالج، راجیو پارک اور انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کی عمارت میری کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اگرچہ حکومت نے اسے منظوری دی ہے لیکن میری مساعی کا اہم رول ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی میں گھر گھر منجیرا کا پانی سربراہ کرنے کا کارنامہ انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی سے سنگور کا پانی منتقل کرتے ہوئے عوام کو مشکلات پیدا کرنے والے ہریش رائو کیا صورت لے کر سنگاریڈی میں بلدی انتخابات کے لیے عوام سے ووٹ مانگنے آئیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین تصور کررہے ہیں کہ بھلے ہی عوامی مسائل حل نہ ہوں لیکن دولت کا استعمال کرتے ہوئے وہ ووٹ حاصل کرلیں گے۔ عوام اچھی طرح جانتی ہے کہ کسے ووٹ دینا ہے۔ اگر رقومات حاصل کرکے ووٹ دیا گیا تو قائدین سے سوال نہیں کیا جاسکتا۔ میں نے راج شیکھر ریڈی، کے روشیا اور کرن کمار ریڈی کو سنگاریڈی کا دورہ کراتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا تھا۔ جگاریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے ایک مرتبہ بھی سنگاریڈی کا دورہ نہیں کیا ہے۔ سیاست میں ہریش رائو مجھ سے کافی جونیئر ہیں اور ان کی سیاسی زندگی کے سی آر کی مہربانی کا نتیجہ ہے۔