دونوںشہروں میں بارش اور تیز ہواوں سے گرمی کی شدت میں کمی

,

   

موسم خوشگوار ۔ آئندہ 24 گھنٹوںکے دوران بھی نواحی علاقوں میں بارش کا امکان
حیدرآباد۔یکم۔مئی(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں 41تا42 درجہ حرارت کے دوران ہونے والی بارش نے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی کردی ہے اور شہر کے موسم کو خوشگوار بنادیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں اور موسم اسی طرح خوشگوار رہے گا۔ غیر موسمی بارش کے سبب شہر میں گرمی سے کچھ حد تک شہریوں کو راحت حاصل ہوئی ہے ۔ دونوںشہروں کے بیشتر تمام علاقوں میں جمعہ کے دن دوپہر کے بعد اچانک مطلع ابرآلود ہوگیا اور شہر کے بیشتر تمام علاقوں میں سیاہ بادل منڈلانے لگے ۔ دوپہر کے دوران شہر کے کئی علاقو ںمیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی اور تیز بارش کے سبب شہر کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئی ۔ شہر میں گذشتہ دو یوم سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا تھا اور شہر کے کئی علاقو ںمیں گرمی کی شدت میں اضافہ کے سبب لو اور گرم ہوائیں بھی چل رہے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے سبب شہر میں گرمی کی شدت کو محسوس نہیں کیا جا رہاہے کیونکہ 90 فیصد سے زائد شہری گھروں میں بند ہیں لیکن دو دن سے گرمی کی شدت سے شہریوں کا برا حال ہونے لگا تھا لیکن جمعہ کے دن بارش نے ماحول کو خوشگوار کردیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ شہر میں بارش کے بعد درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس ہوگیا اور آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرارت میں کوئی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی توقع نہیں ہے ۔

ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ دویوم کے دوران درجہ حرارت کم از کم 28 ڈگری سیلسیس ہوگا اور زیادہ سے زیادہ 35ڈگری سیلسیس ریکارڈ کئے جانے کا امکا ن ہے۔ دونوں شہروں میں ایک گھنٹہ سے زائد بارش نے شہریو ںکو بہت بڑی راحت فراہم کی ہے اور شہر کے کئی علاقو ںمیں پانی جمع ہونے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو پانی کی نکاسی کے کاموں کا آغاز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس غیر موسمی بارش کے دوران جن سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں ان کی نشاندہی کرتے ہوئے پانی جمع ہونے کی وجوہات کا بھی جائزہ لینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان سڑکوں اور علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات کو دور کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے۔