دونوں تلگو ریاستوں میں بڑا جی ایس ٹی اسکام بے نقاب

   

217 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری ۔ DGGI کے چھاپے ۔ مزید تحقیقات جاری
حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں میں ڈائرکٹوریٹ جنرل آف جی ایس ٹی انٹلی جنس کے عہدیداروں نے ایک بڑے جی ایس ٹی اسکام کا پردہ فاش کرتے ہوئے چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں۔ حیدرآباد میں سرگرم اس ریاکٹ کے خلاف ٹھوس معلومات کی بنیاد پر کئے گئے چھاپوں کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تقریباً 217 کروڑ روپئے کی ٹیکس چوری کی گئی ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پھیلی تقریباً 72 شیل کمپنیوں کا ایک وسیع نیٹ ورک اس اسکام میں ملوث ہے جہاں بغیر کسی حقیقی سامان یا خدمات کی فراہمی کے جعلی دستاویزات کے ذریعہ تقریباً 1472 کروڑ روپئے کی فرضی لین دین دکھائی گئی۔ مزید جانچ سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان فرضی لین دین کے ذریعہ نہ صرف حکومت کو واجب الادا جی ایس ٹی سے محروم کیا گیا بلکہ 217 کروڑ روپے کے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (ITC) کا بھی غلط دعویٰ کیا گیا۔ اس بڑے مالی گھوٹالے کا سراغ لگانے کے لئے DGGI کے عہدیداروں نے حیدرآباد میں قائم ہیڈ آفس کے ساتھ ساتھ آندھراپردیش کے کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے جہاں سے اہم ڈیجیٹل شواہد اور جعلی رسیدوں کو بڑی تعداد میں ضبط کیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس اسکام کی مزید گہرائی سے تحقیقات جاری ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے انکشافات متوقع ہیں۔2