نئے صدر کی بیان بازی غیر ضروری،ریاستی وزیر سرینواس یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔17۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ نہ صرف تلنگانہ بلکہ آندھراپردیش میں بی جے پی کہاں ہے ؟ بی جے پی کے نئے صدر بی سنجے کارکنوں کو خوش کرنے کے لئے من مانی بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سطح پر بی جے پی کی کوئی طاقت نہیں ہے اور قائدین کی بیان بازی پر کارکن بھروسہ کرنے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کے نئے صدر کا انتخاب کانگریس کا داخلی معاملہ ہے ۔ نئے صدر کی حیثیت سے جس کسی کو مقرر کیا جائے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس قائدین اذکار رفتہ (آؤٹ ڈیٹیڈ) ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بی جے جے پی کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوگا۔ بی جے پی کی شہر میں کوئی طاقت نہیں ہے جس کا وہ مظاہرہ کرسکے۔ 150 ڈیویژنس میں ٹی آر ایس کو 101 پر کامیابی یقینی ہے۔ بی جے پی کے نئے صدر ابھی سے خوش فہمی کا شکار ہیں۔ نئی ذمہ داری سنبھالے 24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے کہ وہ بلند بانگ دعوے کرنے لگے۔