تلنگانہ میں111605 موٹر سائیکل ، 4881 آٹوز ، 3390 موٹر کارس ضبط ،8320 افراد کیخلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ /22 اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کی عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کا سخت رویہ جاری ہے اور بلاوجہ سڑکوں پر نکلنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ /22 اپریل کو دونوں شہروں میں پولیس نے 14239 مقدمات درج کئے ہیں جس میں 2089 موٹر سائیکلیں ضبط کرلی جبکہ 292 کاروں کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ 3 کیلو میٹر لزوم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے پولیس نے ان کی گاڑیاں ضبط کرلی ۔ لاک ڈاؤن کے قوانین کے مطابق کوئی بھی شخص ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے مکان سے باہر نکلنے پر اپنا شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہے اور اپنے گھر سے اندرون 3 کیلو میٹر کی خریدی کیلئے جاسکتا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہندر ریڈی نے منگل سے لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کیلئے احکامات جاری کئے تھے جس کے بعد پولیس حرکت میں آکر بڑے پیمانے پر کارروائی کرنا شروع کردیا ہے ۔ جگہ جگہ پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور لا اینڈ آرڈر پولیس کے علاوہ ٹریفک اور ٹاسک فورس بھی سرگرم ہے ۔ لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کے بعد سے اب تک ریاست تلنگانہ میں 111605 موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا گیا ہے جبکہ 3390 کاریں اور 4881 آٹوز کو بھی ضبط کیا جاچکا ہے ۔ تعزیرات ہند کے تحت 8320 مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں ۔