حیدرآباد۔19 نومبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقو ںمیں گذشتہ شب رات دیر گئے ‘ علی الصبح اور آج بارش کے سبب موسم میں ٹھنڈک پیدا ہوچکی ہے ۔شہر میں صبح میں بارش اور مسلسل بوندا باندی کی وجہ سے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی اور انتباہ کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چوکسی اختیار کی ہوئی ہے۔ پڑوسی آندھراپردیش کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش جاری ہے اور شہر کے ساتھ میڑچل‘ رنگاریڈی اور ملکا جگری میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران بھی شہر حیدرآباد اور اطراف کے اضلاع میں موسم کی صورتحال میں کوئی تبدیلی ریکارڈ کئے جانے کا امکان نہیں ہے ۔آئندہ دو یوم کے دوران بھی شہر حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ مختلف اضلاع میں ہلکی بوندا باندی یا تیز بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے لیکن کسی بھی مقام پر موسلادھار بارش کی پیش قیاسی نہیں کی گئی ہے۔م