دونوں شہروں اور اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ۔ ذخائر آب کی سطح میں اضافہ

   

مزید 24 گھنٹے بارشوں کا امکان ۔ نلگنڈہ میں موسی پراجیکٹ لبریز ۔ دو دروازے کھول کر پانی کی نکاسی

حیدرآباد۔25جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں کے علاوہ مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی اضلاع میں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ اس کے علاوہ موسیٰ ندی کے بہاؤ میں اضافہ اور موسیٰ پراجکٹ کے لبریز ہونے کے سبب نلگنڈہ میں ذخیرہ آب کے دو دروازوں کو کھول دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق 4.46 ٹی ایم سی کی گنجائش کے حامل اس پراجکٹ میں 4.07 ٹی ایم سی پانی جمع ہونے کے سبب پراجکٹ کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کا اخراج کیا گیا ۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں گذشتہ شب سے جاری بارش میں ضلع کمرم بھیم کے منڈل کوتھالا میں 24گھنٹوں میں سب سے زیادہ 83.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ریاست بھر میں مجموعی اعتبار سے 11.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ حیدرآباد میں صبح سے ہی ہلکی اور تیز بارش جاری ہے اور مطلع ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی سے ان بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے رہے گا اور اس کے بعد مانسون کی بارشوں کا سلسلہ 10 یوم کیلئے رک جائے گا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں سب سے زیادہ بارش حمایت نگر میں ریکارڈ کی گئی جہاں 24 گھنٹوں میں 15.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گریٹر حدود میں جملہ 10.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔شہر میں دوپہر کے بعد کئی علاقوں میں تیز موسلادھار بارش سے کئی سڑکوں کے جھیل میں تبدیل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں اور مصروف اوقات میں عوام کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بلدیہ حیدرآباد کے حدودمیں یکم جون 2025 تا25جولائی 2025 میں جملہ 223.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ریاست بھر میں اس مدت کے دوران 304.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو معمول سے 3 فیصد کم ہے جبکہ جی ایچ ایم سی حدود میں معمول سے 9فیصد کم بارش ہوئی ۔ شہر کے مختلف علاقوں سکندرآباد‘ کوکٹ پلی ‘ حبشی گوڑہ ‘ اپل‘ ناچارم ‘ بشیر باغ‘ حمایت نگر ‘ آدرش نگر ‘ مہدی پٹنم ‘ ٹولی چوکی کے علاوہ شیخ پیٹ میں دوپہر کے بعد موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا ۔علاوہ ازیں دونوں شہروں میں مطلع ابر آلود رہنے کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں گراوٹ آئی اور یہ سلسلہ مزید دو یوم جاری رہنے کا امکان ہے ۔ او رکہا جا رہا ہے کہ رات میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئے گی اور سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گااور بونداباندی کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔3