دونوں شہروں اور اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآبا د کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں میں آئندہ 5یوم موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ خلیج بنگال میں ہواکے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں ریاست کے بیشتر مقامات پر آئندہ 5یوم کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آج بھی بارش ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 5یوم کے دوران بھی وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آج بھی دونوں شہروں کے نواحی علاقوں اور مضافات میں مختصر وقفہ کیلئے موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور بلدی عملہ کو پانی کی نکاسی کو یقینی بناتے ہوئے دیکھا گیا۔ پڑوسی ریاست ٹاملناڈوکے علاوہ کرناٹک میں جاری موسلادھار بارشوں کے بعد بادلوں کا رخ تلنگانہ کی سمت ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے محکمہ موسمیات نے جو اعلامیہ جاری کیا ہے اس کے مطابق آئندہ 5یوم کے دوران دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں بالخصوص مضافاتی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارشیں ریکارڈ کی جاسکتی ہیں۔عہدیداروں کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب مطلع ابر آلود رہنے اور درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔3