دونوں شہروں اور نواحی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

   

مختصر وقت کی بارش سے گرمی کی شدت، پرانے شہر میں برقی منقطع

حیدرآباد۔2۔جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں آج شام ہونے والی اچانک بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔ موسم باراں کے آغاز کے بعد سے گذشتہ دو یوم سے شہر حیدرآباد میں 20-30 منٹ کی بارش ہورہی ہے اور اس بارش کے فوری بعد گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران بھی اسی طرح کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ آج سہ پہر ابتداء میں راجندر نگر‘ عطاپور‘ مہدی پٹنم کے علاوہ شمس آباد وغیرہ کے علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی بعد ازاں شہر کے بیشتر تمام علاقوں میں بادل امڈ آئے اور20منٹ کے لئے موسلادھار بارش ہوئی ۔ چندرائن گٹہ ‘ بندلہ گوڑہ‘ فلک نما‘ چارمینار‘ خیریت آباد‘ نامپلی ‘ لکڑی کا پل‘ بنجارہ ہلز ‘ جوبلی ہلز‘ عابڈس‘ چادرگھاٹ ‘ عنبر پیٹ اور اپل کے علاقوں میں بھی اچانک ہوئی ہلکی اور تیز بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ پرانے شہر کے بعض علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔م