دونوں شہروں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ہلکی و تیز بارش کا امکان ، جی ایچ ایم سی چوکس

,

   

دو دن کی بارش سے تباہ کاریاں ، نمائش کے تاجرین کو نقصان ، نمائش درہم برہم ، کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع
حیدرآباد۔27جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں بھی گذشتہ یوم سے جاری موسلا دھار اور ہلکی بارش کے سبب کئی علاقوں میں تباہی مچی ہوئی ہے اور شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے علاوہ شہر میں جاری کل ہند نمائش میں تاجرین کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری بارش کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے تمام عہدیداروں کو چوکس و مستعد رہنے اور شکایات کی موصولی پر فوری کاروائی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اگلے 48گھنٹوں کے دوران شہر میں کسی بھی طرح کی ایمرجنسی کیلئے دستیاب رہیں کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد کے حدود میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ 26جنوری کی دوپہر سے جاری ہلکی اور تیز بارش کے سبب پرانے شہر کے علاقوں نشیمن نگر‘ محمد نگر‘ جاوید نگر‘ تالاب کٹہ‘ مولا کا چھلہ میں عوام نے شکایت کی ہے کہ ان کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے اور پانی داخل ہونے کے باوجود بھی صبح تک بھی کسی نے پانی کے اخراج کیلئے کوئی سرکاری مشنری کو متحرک نہیں کیا اور صبح کی اولین ساعتوں میں بارش کے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے گئے لیکن اس کے باوجود مکانات میں قریب ایک فٹ تک کیچڑ جمع ہوا ہے اور مکینوں کو اسے نکالنے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے ان علاقوں میں پانی کا جمع ہونا اور نالوں سے پانی گھروں میں گھس جانا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ان مسائل کو حل کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جانے پر عوام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں محبوب چوک‘ ملک پیٹ ‘ محبوب گنج‘ عثمان گنج اور دیگر علاقوں میں تجارتی ادارو ںمیں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور ان شکایات کو دور کرنے کے کیلئے بلدی عملہ کو رات دیر گئے تک سرگرم عمل دیکھا گیا۔ شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے

اور سڑکوں کے جھیل میں تبدیل ہوجانے کی شکایات اور شہریوں کی گاڑیوں کے فیل ہونے سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ہنگامی حالات میں فوری راحت کاری کاموں کی انجام دہی کیلئے شروع کئے گئے شعبہ ڈساسٹر ریلیف فورس کی تعداد ناکافی ہے کیونکہ شہر کے ہر علاقہ سے اس بات کی شکایات شروع ہوچکی تھیںشہر کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوتا جا رہاہے اور پانی کی نکاسی کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ شہر حیدرآباد میں جاری کل ہند صنعتی نمائش پر بھی گذشتہ شب اور آج دن میں ہوئی بارش کامنفی اثر دیکھا گیا اور موسلا دھار بارش کے سبب نمائش کی کئی دکانیں متاثر ہوئی ہیں اور کئی دکانو ںمیں موجود سامان کو نقصان پہنچا ہے۔نمائش میں اسٹال لگاتے ہوئے تجارت کرنے والوں نے بتایا کہ تعطیل کے سبب نمائش میں کافی ہجوم تھا لیکن اچانک شروع ہوئی موسلادھار بارش نے نمائش کو درہم برہم کردیا جس کے سبب کئی دکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے اور عارضی اسٹالس میں قیمتی سامان فروخت کرنے والوں کو اپنے سامان کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات کرنے پڑے جبکہ اشیائے خورد و نوش اور دیگر اشیاء کی اسٹالس کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔تاجرین نے بتایا کہ 26جنوری کی تعطیل اور دوسرے دن اتوار کے سبب نمائش میں ہجوم اور بہتر تجارت کی توقع کی جا رہی تھی لیکن اچانک بارش سے نہ صرف نقصان ہوا ہے بلکہ تجارت بھی متاثر ہوئی ہے۔ بعض اسٹالس جن میں پانی داخل ہونے سے بھاری نقصان ہوئے ہیں ان اسٹالس کے مالکین کا کہناہے کہ آفات سماوی کے سبب ہونے والے اس نقصان کی وجہ سے پورے مہینہ کی تجارت پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں شیر لنگم پلی ‘ اپل ‘ بندلہ گوڑہ‘ شاہین نگر‘ راجندر نگر اور دیگر علاقوں میں بھی شدید بارش کے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دونوں شہروں کے بیشتر علاقو ںمیں شدید بارش کے دوران برقی سربراہی معطل رہی اور آج دن میں بھی کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے دوران برقی سربراہی متاثر رہی ۔ بیگم بازار سے عثمان گنج جانے والے نالے کی متعدد مرتبہ صفائی کے باوجود بھی نالہ ابل پڑا جس کے سبب عثمان گنج سے افضل گنج جانے والی سڑک پر پانی کا تیز بہاؤ دیکھا گیا ۔ بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے الرٹ کے فوری بعد جی ایچ ایم سی کے کنٹرول روم کو متحرک کردیا گیا ہے اور شہر میں ڈساسٹر ریلیف فورس کو جگہ جگہ تعینات کرتے ہوئے بارش کی صورت میں پانی جمع ہونے پر فوری حرکت میں آنے کی ہدایت دیدی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ شہر کے نواحی علاقو ںمیں جاری موسلادھار بارش کے سبب شہر کے نواحی علاقوں اور ان علاقوں میں موجود تالابوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر فوری قابو پایا جاسکے ۔