دونوں شہروں میں آتشزدگی کے دو واقعات

   

حیدرآباد ۔ یکم / جنوری (سیاست نیوز) نئے سال کے آغاز کے پہلے دن ہی دونوں شہروں میں آتشزدگی کے دو علحدہ واقعات پیش آئے ۔ دبیر پورہ دروازہ کے قریب ایک واقعہ پیش آیا جس میں رہائشی عمارت کی دوسری منزل میں اچانک آگ لگ گئی ۔ اس واقعہ میں جانی نقصان نہیں ہوا لیکن پولیس نے فائرانجن عملہ کو طلب کرلیا تھا جبکہ اس حادثہ میں گھریلو اشیاء اور فرنیچر جلکر خاکستر ہوگئے ۔ انسپکٹر دبیرپورہ پولیس اسٹیشن ستیہ نارائنہ نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ہوگا اور پولیس اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے ۔ اسی قسم کے ایک واقعہ میں علاقہ ٹپہ چبوترہ میں فرنیچر تیار کرنے والے کارخانے میں آگ لگ گئی اور لاکھوں روپئے مالیتی فرنیچر جلکر خاکستر ہوگیا ۔ جائے حادثہ پر دو فائر انجنوں کو طلب کرلیا گیا اور چند گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔