دونوں شہروں میں اچانک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش

,

   

ایک ہلاک ‘ تین زخمی ‘ کئی مقامات پر دیوار اور عمارتوں کے حصے منہدم ‘ کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے

حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور مضافاتی علاقوں میں آج شام گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے نتیجہ میں کئی مقامات پر عمارتوں کے کچھ حصے منہدم ہوگئے جس کے نتیجہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ علاوہ ازیں کئی مقامات پر بڑے درخت جڑ سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر پڑے ۔ برقی کھمبوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ شام پانچ اور چھ بجے کے درمیان ہوئی غیر موسمی بارش سے ایک شخص ہلاک اوردیگر تین زخمی ہوگئے علاوہ ازیں مالی نقصان کے اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پہلے دو واقعات پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم میں پیش آئے۔ دودھ باؤلی علاقہ میں اسبسطاس کے مکان کی چھت پر پڑوس میں زیرتعمیر عمارت کی تیسری منزل کی دیوار گر پڑی۔ یہ واقعہ آج شام 5:30 بجے پیش آیا اور اس حادثہ میں 42 سالہ صادق اور 20 سالہ گلناز زخمی ہوگئے جبکہ مکان میں موجود دوسرے بچے بال بال بچ گئے۔ زخمیوں کو فوری خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیرعلاج ہے۔ دیوار گرنے کا واقعہ حسینی علم پولیس اسٹیشن سے بالکل قریب پیش آیا اور وہاں کے انسپکٹر رمیش کوتوال اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ کر معائنہ کیا۔ سڑک کی توسیع کے نتیجہ میں سرینواس نامی شخص نے اپنا نیا مکان تعمیر کررہا تھا اور تیسری منزل کی دیوار پڑوس کے مکان پر گر پڑی۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں حسینی علم کے علاقہ خورشید جاہ کی دیوڑھی مکان کی دیوار گرنے کے سبب فاطمہ نامی خاتون زخمی ہوگئی اور اس خاتون کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا۔ منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن حدود میں بھی ایک اسی قسم کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل ہاٹ مچھلی پورہ علاقہ میں ایک عمارت کی بوسیدہ دیوار پڑوسی کے مکان کی چھت پر گرنے کے نتیجہ میں 19 سالہ رتیش سنگھ ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نوجوان کے پڑوس کی عمارت میں گنیش کی مورتیاں تیار کی جاتی ہیں اور عارضی طور پر تعمیر کی گئی دیوار کا بڑھا حصہ اس کے اسبسطاس کی چھت پر گرنے کے نتیجہ میں یہ سنگین واقعہ پیش آیا۔ پولیس منگل ہاٹ نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اپو گوڑہ علاقہ میں بھی تیز ہوائیں چلنے کے سبب ایک موبائیل فون ٹاور بھی عمارت سے نیچے گر پڑا۔ تیز ہواؤں کے نتیجہ میں پرانے شہر کے علاقہ تالاب کٹہ ، بھوانی نگر ، ممتاز ہوٹل کی پہلی منزل کی چھت بھی اُڑ گئی۔